مہیلا جے وردھنے ٹیسٹ ٹیم میں واپس

Image caption جے وردھنے نے ٹیسٹ کرکٹ میں دس ہزار سے زائد رنز بنائے ہیں

سری لنکا کے کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے سابق کپتان مہیلا جے وردھنے کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

سری لنکا کرکٹ بورڈ کی جانب سے پیر کو جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مہیلا جے وردھنے نے ذاتی وجوہات کی بِنا پر پاکستان کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔

بیان کے مطابق اینجلو میتھوز ٹیسٹ میچوں میں کپتانی کے فرائض سر انجام دیں گے۔

خیال رہے کہ 36 سالہ جے وردھنے دنیائے کرکٹ کے ان 11 بلے بازوں میں شامل ہیں جنھوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں دس ہزار سے زائد رنز بنائے ہیں۔

دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے جے وردھنے نے 138 ٹیسٹ میچوں میں 49.56 کی اوسط سے 13 سنچریوں اور 45 نصف سنچریوں کی مدد سے 10,806 رنز بنائے ہیں۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے 22 سالہ لیفٹ آرم تیز بولر ویشوا فرنینڈو کو بھی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا ہے۔ انھوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اب تک 15 میچوں میں 37 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

سری لنکا کے بورڈ نے آل راؤنڈر دلروون پریرا کو بھی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا ہے۔ واضح رہے کہ دلروون پریرا نے اب تک کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ابو ظہی میں پہلا ٹیسٹ 31 دسمبر سے، دبئی میں دوسرا ٹیسٹ 8 سے 12 جنوری اور متحدہ عرب امارت میں 16 سے 20 جنوری تک تیسرا ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔