مصباح فِٹ اور چوتھا ون ڈے کھیلنے کے لیے تیار

مصباح الحق
Image caption سری لنکا کی ٹیم کو اس سیریز میں اپنے تجربہ کار کھلاڑی مہیلا جے وردھنے کی کمی شدت سے محسوس ہوئی ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان چوتھا ون ڈے انٹرنیشنل بدھ کو ابوظہبی میں کھیلا جارہا ہے۔

پانچ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو دو ایک کی برتری حاصل ہے اس طرح اس کے پاس سیریز جیتنے کا اچھا موقع ہے۔

پاکستان نے شارجہ میں کھیلا گیا پہلا ون ڈے گیارہ رنز سے جیتا تھا۔دبئی میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں سری لنکا نے دو وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ شارجہ میں تیسرے میچ میں پاکستان نے ایک سو تیرہ رنز سے سری لنکا کو آؤٹ کلاس کردیا تھا۔

کپتان مصباح الحق جو گروئن کی تکلیف کے سبب سری لنکا کی اننگز میں فیلڈنگ نہیں کرسکے تھے فٹ ہیں اور چوتھا میچ کھیلیں گے۔

مصباح الحق اس سال ون ڈے انٹرنیشنل میں تیرہ سوبائیس رنز بناکر سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں۔ سری لنکا کے سنگاکار، تلکا رتنے دلشن اور پاکستان کے محمد حفیظ گیارہ سو سے زائد رنز بناکر ان کے تعاقب میں ہیں۔

سری لنکن ٹیم کو اس سیریز میں تجربہ کار بیٹسمین مہیلا جے وردھنے کی کمی شدت سے محسوس ہوئی ہے جو ذاتی وجوہ کی بنا پر ٹیم میں شامل نہیں تھے۔ کمار سنگاکارا اور تلکارتنے دلشن کی جانب سے بڑی اننگز نہ کھیلنے کا بھی اثر ٹیم پر پڑا ہے۔

سری لنکن بولنگ بھی پاکستانی بیٹسمینوں کو مرعوب کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے اس کے برعکس پاکستانی بولنگ زیادہ موثر رہی ہے خاص کر عمرگل کی واپسی ٹیم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوئی ہے۔

سعید اجمل ہمیشہ کی طرح غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس سال بین الاقوامی کرکٹ میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرچکے ہیں۔

ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں بائیس ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جاچکے ہیں۔ پاکستان نے اس میدان میں گیارہ ون ڈے جیتے ہیں تاہم اسےگزشتہ ماہ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے دونوں ون ڈے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اسی بارے میں