ابوظہبی:حفیظ کی سنچری، پاکستان نے سیریز جیت لی

Image caption محمد حفیظ نے 2013 میں ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ پانچ سنچریاں بنائی ہیں

پاکستان نے سری لنکا کو چوتھے ایک روزہ میچ میں آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں تین ایک کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔

ابوظہبی میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن سعید اجمل اور عمرگل کی عمدہ بولنگ کی وجہ سے سری لنکن ٹیم پاکستان کو ایک بڑا ہدف دینے میں ناکام رہی اور 49ویں اوور میں 225 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان بمقابلہ سری لنکا: تصاویر

جواب میں پاکستان نے محمد حفیظ کی شاندار سنچری کی بدولت مقررہ ہدف 42ویں اوور میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

یہ محمد حفیظ کی اس سیریز میں تیسری سنچری اور 2013 میں پانچویں سنچری تھی۔ وہ 113 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس دوران حفیظ نے ایک روزہ کرکٹ میں چار ہزار رنز بھی مکمل کر لیے۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے 14ویں پاکستانی بلے باز ہیں۔

حفیظ کے علاوہ احمد شہزاد اور صہیب مقصود نے بھی بالترتیب 44 اور 46 رنز کی اہم اننگز کھیلیں۔

Image caption سعید اجمل نے 39 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں

سری لنکا کی جانب سے لکمل اور میتھیوز نے ایک ایک وکٹ لی۔

اس سے قبل سری لنکا کی جانب سے کشال پریرا اور تلکارتنے دلشان نےجارحانہ انداز میں اننگز شروع کی اور ابتدائی دو اوور میں آٹھ کی اوسط سے رنز بنائے تاہم عمر گل نے اپنے پہلے ہی اوور میں پریرا کو کیچ کروا کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلوائی۔

عمرگل نے جلد ہی دلشان اور چندی مل کو بھی واپس پویلین بھیج کر سری لنکا کو مشکل میں ڈال دیا۔

اس موقع پر اپنا پہلا میچ کھیلنے والے پرینجن اور تجربہ کار کمارا سنگاکارا نے ٹیم کو سہارا دیا اور 89 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔

اس شراکت کا خاتمہ اننگز کے انتیسویں اوور میں سنگاکارا کے رن آؤٹ ہونے پر ہوا۔ آؤٹ ہونے سے قبل سنگاکارا نے ایک روزہ میچوں میں83ویں نصف سنچری مکمل کی۔

سنگاکارا کے جانے کے بعد پرینجن نے کپتان میتھیوز کے ساتھ مل کر 40 رنز کی ایک اور اہم شراکت قائم کی لیکن ان کی ناتجربہ کاری آڑے آئی اور وہ جنید خان کی گیند پر 74 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے۔

اس موقع پر پاکستانی آف سپنر سعید اجمل نے سری لنکن بلے بازوں کو اپنی سپن کے جال میں جکڑ لیا اور پہلے کولوسیکرا اور پھر لگاتار دو گیندوں پر میتھیوز اور سنانائیکے کو آؤٹ کر کے سری لنکن ٹیم کی بڑا سکور کرنے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

Image caption عمر گل نے اس میچ میں بھی تین وکٹیں لیں

اجمل نے ہی ملنگا کو آؤٹ کر کے 225 کے مجموعی سکور پر سری لنکن اننگز کا خاتمہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے چار، عمر گل نے تین جبکہ جنید خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ سری لنکا نے اپنی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں اور دو نئے کھلاڑیوں پرینجن اور ویتھنگے کو موقع دیا۔

پانچ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو دو ایک کی برتری حاصل ہے اور اس کے پاس سیریز جیتنے کا اچھا موقع ہے۔

سیریز کے پہلے دو میچوں میں کانٹے کا مقابلہ دیکھنے کو ملا تھا اور شارجہ میں پہلا میچ پاکستان نے 11 رنز سے جبکہ دبئی میں دوسرا میچ سری لنکا نے دو وکٹوں سے جیتا تھا۔

تاہم شارجہ میں تیسرے میچ میں پاکستان نے مہمان ٹیم کو 113 رنز کے واضح فرق سے شکست دی تھی۔

اسی بارے میں