شوماکر کی صحت کے بارے میں خبروں پر تنبیہ

مائیکل شوماکر کی مینیجر نے ان کی صحت کے بارے میں افواہوں سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ براہِ راست ان کے معالجین یا مینیجر کے علاوہ کسی بھی ذریعے سے حاصل ہونے والی معلومات افواہوں کے سوا کچھ نہیں۔

فارمولا ون کار ریسنگ کی تاریخ کے کامیاب ترین ڈرائیور شوماکر فرانس میں گزشتہ ہفتے سکیئنگ کے دوران شدید زخمی ہونے کے بعد گرینوبل کے ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں اور ڈاکٹروں نے انہیں کومے میں رکھا ہوا ہے۔

شوماکر کی مینیجر سبین کیم نے سنیچر کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ’مائیکل کی حالت بدستور نازک مگر مستحکم ہے۔ ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ مائیکل کی صحت کے بارے میں کوئی بھی معلومات جو ان کے معالجین یا ان کی مینیجمنٹ کی جانب سے نہ آئی ہو اسے غلط اور قیاس آرائیوں پر مبنی سمجھا جائے۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’شوماکر کے خاندان کو صرف ان کی صحت کی فکر ہے۔‘

جمعہ کو کچھ ذرائع ابلاغ نے شوماکر کے دوست فلپ سٹریف کے حوالے سے خبر دی تھی کہ انھیں شوماکر کے خاندانی ڈاکٹر نے بتایا ہے کہ مائیکل کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

سبین کیم نے کہا ہے کہ شوماکر کا علاج کرنے والے ڈاکٹر بظاہر پیر سے قبل اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کریں گے۔

ادھر جمعہ کو شوماکر کی پینتالیسویں سالگرہ کے موقع پر ان کے مداحوں نے گرینوبل میں ہسپتال کے باہر دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا ہے۔

Image caption مائیکل شوماکر نے زیادہ کامیابیاں ان دنوں میں حاصل کیں جب وہ فیراری کے ساتھ تھے

اٹلی اور فرانس کے مقامی فیراری کلبوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں مداح گیرنوبل میں اس ہسپتال کے باہر جمع ہوئے جہاں مائیکل کو رکھا گیا ہے۔ مداحوں نے مائیکل کی صحت یابی کے لیے دعا کی اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

ریسنگ ٹیم فیراری نے، جس کے ساتھ شوماکر نے 91 میں سے 72 ریسز میں حصہ لیا، ایک بیان میں کہا ’ہم انہیں ان کی سالگرہ پر خصوصی نیک تمنائیں بھجوانا چاہتے تھے جب وہ اپنی زندگی کی ایک اہم لڑائی لڑ رہے ہیں۔

شوماکر کے خاندان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ فیراری کے مداحوں کی جانب سے ’ہمدردی کے جذبات اور پیغامات‘ سے اشک بار ہو گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ ’جذبات سے مغلوب‘ ہوگئے ہیں اور ’تہہ دل سے مشکور ہیں‘۔

جرمنی سے تعلق رکھنے والے مائیکل شوماکر جنہوں نے 2012 میں دوسری بار ریٹائرمنٹ لی ، اتوار کو فرنچ الپس کے پہاڑی سلسلے میں واقع میربل کے الپائن ریزورٹ میں سکیئنگ کے دوران سر پر چوٹ آئی تھی جب ان کا سر ایک چٹان سے ٹکرا گیا تھا۔

اس ٹکراؤ کے نتیجے میں ان کا ہیلمٹ ٹوٹ گیا تھا اور اب اس ہیلمٹ پر نصب کیمرہ فرانسیسی پولیس کے حوالے کیا گیا ہے تاکہ وہ مائیکل کو پیش آنے والے حادثے کی وجوہات جان سکے۔

اسی بارے میں