ایشز سیریز میں آسٹریلیا کا ’وائٹ واش‘

Image caption چائے کے وقفے کے بعد انگلینڈ کی باقی سات وکٹیں مجموعی سکور میں صرف 79 رنز کا اضافہ کر سکیں اور اس کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 166 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔

سڈنی میں کھیلے جانے والے ایشز سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 281 رنز سے شکست دے کر ایشز سیریز پانچ صفر سے جیت لی ہے۔

انگلینڈ کے بلے باز آسٹریلیا کے بولروں کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور اس کی وکٹیں خزاں کے پتوں کی طرح گرتی رہیں۔

میچ کے تیسرے دن چائے کے وقفے پر انگلینڈ نے تین وکٹوں کے نقصان پر 87 رنز بنائے تھے۔

میچ کا تفصیلی سکور

چائے کے وقفے کے بعد انگلینڈ کی باقی سات وکٹیں مجموعی سکور میں صرف 79 رنز کا اضافہ کر سکیں اور اس کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 166 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔

انگلینڈ کی جانب سے ایلسٹر کک اور مائیکل کاربیری نے دوسری اننگز کا آغاز کیا۔

Image caption آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں کرس راجرز نے 15 چوکوں کی مدد سے 119 رنز بنائے

انگلینڈ کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف سات رنز کے مجوعی سکور پر ایلسٹر کک سات رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

انگلینڈ کو 37 رنز کے مجموعی سکور پر دوسرا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب ائین بیل 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں ہیرس نے پانچ، جانسن نے تین اور نیتھن لیون نے دو وکٹیں حاصل کی۔

اس سے پہلے آسٹریلیا کی جانب سے کرس راجرز اور جارج بیلے نے اتوار کو تیسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔

آسٹریلیا کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 276 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اس نے انگلینڈ کو جیتنے کے لیے 448 رنز کا ہدف دیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں کرس راجرز نے 15 چوکوں کی مدد سے 119 جب کہ جارج بیلے نے چھ چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنائے۔

ان دونوں کے علاوہ آسٹریلیا کے دیگر بلے باز دوسری اننگز میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے۔

آسٹریلیا کے چھ بلے بازوں کا ہدف دوہرے ہندسے تک نہ پہنچ سکا۔

انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں بورتھ وک نے تین، جیمز اینڈرسن، سٹوارٹ براڈ اور بین سٹوکس نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

آسٹریلیا کی شروعات اچھی نہیں تھی تاہم سٹیون سمتھ کے 115 رنز اور بریڈ ہیڈن کے 75 رنزکی بدولت آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 326 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں سٹوکس نے چھ، سٹوارٹ براڈ نے دو جب کہ اینڈرسن اور بورتھ وک نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 155 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی اور یوں آسٹریلیا کو انگلینڈ پر 171 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔

آسڑیلیا کے بولر ہیرس کو میچ کا بہترین جب کہ مچل جانسن کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اسی بارے میں