رونالڈو نے400 گول کا سنگ میل طے کر لیا

پرتگال سے تعلق رکھنے والے فٹ بال کھلاڑی کرسچیانو رونالڈو نے اپنی کرئیر میں 400 گول کا سنگ میل طے کر لیا ہے۔

یہ گول انھوں نے مجموعی طور پر کلب فٹ بال اور اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے کھیلے جانے والی میچوں میں کیے۔

انھوں نے اپنی اس جیت کو پرتگال کے معروف سابق فٹ بالر یوسیبیو کے نام کیا جو دو روز قبل انتقال کر گئے تھے۔

کرسچیانو رونالڈو نے ریال میڈرڈ کی جانب سے کھیلتے ہوئے یہ گول سیٹا ویگو کلب کے خلاف کیے۔

یہ میچ ریال میڈرڈ نے تین صفر سے جیتا۔

کرسچیانو رونالڈو نے اپنے گول یوسیبیو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’میں اپنے یہ دونوں گول یوسیبیو کے نام کرتا ہوں لیکن در حقیقت یہ گول آپ ہی نے کیے ہیں۔ آپ ہمیشہ میرے دل میں رہے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا ’ہم نے اب تک کے بہترین کھلاڑیوں میں ایک کو کھویا ہے۔‘

یوسیبیو نے اپنے کرئیر میں 733 گول سکور کیے اور کرسچیانو رونالڈو نے انھیں سب کے لیے ایک مثال قرار دیا۔

کرسچینانو رونالڈو مانچیسٹر یونائٹڈ کی جانب سے کھیلتے ہوئے سنہ 2008 میں بھی بیلن ڈی اور کا اعزاز جیت چکے ہیں۔

کرسچیانو رونالڈو سنہ 2009 میں آٹھ کروڑ پاؤنڈ کا معاوضہ پا کر ریال میڈرڈ کا حصہ بنے تھے۔ یہ رقم اس زمانے میں ریکارڈ تھی۔ اس کلب کے لیے انھوں نے اب تک 203 گول کیے ہیں۔

رونالڈو سنہ 2009 میں تین پریمئیر لیگ، ایک چیمپئین لیگ، ایک ایف اے کپ، دو لیگ کپ اور ایک فیفا کا ایک عالمی کلب ایوارڈ جیت چکے ہیں۔

رونالڈو کی کامیابی سپین میں بھی جاری رہی جہاں انھوں نے سنہ 2010، 2011 اور 2012 کے دوران چیلسی کے باس ہوزے مورینو کی قیادت میں کوپا ڈیل رے اور لا لیگا کپ بھی جیتا تھا۔

اسی بارے میں