دبئی:سری لنکا مضبوط پوزیشن میں، 153 رنز کی برتری

Image caption مہیلا جے وردھنے نے 12 چوکوں کی مدد سے 106 رنز بنائے

دبئی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر سری لنکا نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 318 رنز بنا لیے۔

سری لنکا کو پاکستان پر 153 رنز کی برتری حاصل ہے اور پہلی اننگز میں اس کی چھ وکٹیں باقی ہیں۔

دوسرے دن کھیل کے اختتام پر مہیلا جے وردھنے 106 اور اینجلو میتھیوز 42 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

تفصیلی سکور کارڈ

دوسرے روز کا میچ، تصاویر

دوسرے دن کے کھیل کی خاص بات سری لنکا کے بلے بازوں کی عمدہ بیٹنگ تھی۔

سری لنکا کی جانب سے مہیلا جے وردھنے اور کوشل سلوا نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 139 بنا کر اپنی ٹیم کو مشکل سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔

مہیلا جے وردھنے نے 12 چوکوں کی مدد سے 106 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے تاہم کوشل سلوا صرف پانچ رنز کے فرق سے اپنی سنچری مکمل نہ کر سکے، انھوں نے 10 چوکوں کی مدد سے 95 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے جنید خان نے دو جب کہ راحت علی اور محمد حفیظ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

میچ کے پہلے دن پاکستان کو پہلی اننگز میں 165 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد سری لنکا نے کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 57 رنز بنائے تھے۔

بدھ کو سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

ابوظہبی میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔

اسی بارے میں