شارجہ ٹیسٹ میں سری لنکا کو 220 رنز کی برتری حاصل

تصویر کے کاپی رائٹ AFP Getty
Image caption سعید اجمل نے ایک وکٹ جبکہ طلحہ اور عبدالرحمان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں

شارجہ میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنا لیے ہیں۔

چوتھے روز پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 341 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور سری لنکا کو 220 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

سری لنکا کے بلے باز کرونارتنے، سنگاکارا، سیلوا، جے ودرھنے اور چندیمل آؤٹ ہو چکے ہیں۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

چھوتھے دن کھیل کے اختتام پر میتھوز اور ایچ اے پی ڈبلیو وردھنے کریز پر موجود ہیں۔

پاکستان کی جانب سے طلحہ اور عبدالرحمان نے دو دو وکٹیں جبکہ سعید اجمل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے جب چھ وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز پر چوتھے دن کا آغاز کیا تو آؤٹ ہونے والے سب سے پہلے کھلاڑی عبد الرحمان تھے جو دن کے دوسرے اوور میں ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔

پاکستانی کپتان مصباح الحق 63 رنز بنا کر رنگنا ہیراتھ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے تو 10 ویں نمبر پر آنے والے فاسٹ بولر جنید خان نے آتے ہی جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی۔ انہوں نے دو چھکوں کی مدد سے دس گیندوں پر 16 رنز بنائے۔ سعید اجمل کوئی رن بنائے بغیر ناٹ آؤٹ رہے۔

رنگنا ہیراتھ نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تیسرے دن پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 19 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا تھا اور میچ کے اختتام پر کپتان مصباح الحق اور سرفراز احمد کریز پر موجود تھے۔

تیسرے دن پاکستان کی اننگز کی خاص بات احمد شہزاد کے سنچری تھی۔ وہ 147 رنز ہیرتھ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑیوں میں خرم منظور نے 52، اظہر علی نے 8، اسد شفیق نے 18 اور یونس خان نے 17 رنز بنائے۔

اس سے پہلے دوسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے سری لنکا کے خلاف پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 19 رنز بنائے تھے جب احمد شہزاد اور خرم منظور کریز پر موجود تھے اور دونوں نے بالترتیب پانچ اور 14 رنز بنائے تھے۔

اس سے پہلے سری لنکا نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 428 رنز کر اننگز ڈکلئیر کر دی تھی۔

سری لنکا کی جانب سے پرسنا جے وردھنے اور اینجلو میتھیوز نے دوسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پاکستان کی اننگز کی خاص بات احمد شہزاد کے سنچری تھی۔ وہ 147 رنز ہیرتھ کی گیند پر بولڈ ہو گئے

میچ کے دوسرے دن سری لنکا کو جلد ہی اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب پرسنا جے وردھنے کو محمد طلحہ نے 35 رنز پر آؤٹ کر دیا۔

سری لنکا کی جانب سے بلے باز دل رو وان پریرا نے 12 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 95 جبکہ اینجیلو میتھیوز نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 91 رنز بنائے۔

دونوں بلے باز اپنی سنچریاں مکمل کرنے میں ناکام رہے۔

پاکستان کی جانب سے جنید خان نے تین، سیعد اجمل اور محمد طلحہ نے دو دو جبکہ عبدالرحمان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

تیسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے پاکستان کے خلاف پانچ وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنائے تھے۔

جمعرات کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں سری لنکا کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

اسی بارے میں