سیرینا ولیمز آسٹریلیئن اوپن سے باہر

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption سیرینا کے بارے میں کہا جا رہا تھا کہ وہ 2014 میں چاروں گرینڈ سلیم ٹائٹل جیت سکتی ہیں

امریکی ٹینس کھلاڑی سیرینا ولیمز کمر کے درد کے باعث آنا ایوانووچ کے خلاف ہار کر آسٹریلیئن اوپن سے باہر ہو گئی ہیں۔

سربیا کی آنا پہلا سیٹ 4-6 سے ہارنے کے بعد بقیہ دو سیٹ 6-3 اور 6-3 سے جیت گئیں۔ یہ گذشتہ پانچ کوششوں میں ان کی سیرینا کے خلاف پہلی کامیابی ہے۔

میچ سے قبل رپورٹ آئی تھی کہ سرینا کی کمر میں تکلیف ہے، اور میچ کے دوران یہ بات ثابت ہو گئی۔ انھوں نے میچ کے بعد کہا: ’میں تقریباً جیت ہی گئی تھی۔ میں مقابلہ کرتی ہوں، اور مجھے شاید جیت جانا چاہیے تھا۔‘

انھوں نے کہا: ’میں کسی پر الزام نہیں دھرنا چاہتی۔ میں سمجھتی ہوں کہ آنا تمام تر کریڈٹ کی مستحق ہیں۔ میں سمجھتی ہوں کہ انھوں نے آج ناقابلِ یقین کھیل کا مظاہرہ کیا۔‘

سیرینا ولیمز کا نیا ریکارڈ

سیرینا نے کہا کہ انھیں اپنی تکلیف کی نوعیت معلوم نہیں ہے، تاہم وہ ’گذشتہ کئی دن سے‘ اس سے نمٹنے کی کوشش کر رہی تھیں: ’یہ زندگی کے لیے خطرناک یا ایسی کوئی چیز نہیں ہے۔ میں سمجھتی ہوں کہ یہ بہتر ہو جائے گی، بس مجھے کچھ دن کا آرام چاہیے۔‘

26 سالہ آنا اب کواٹر فائنل میں کینیڈا کی یوجین بوچرڈ سے مقابلہ کریں گی۔ 14ویں سیڈڈ آنا نے میچ کے بعد کہا: ’میں کورٹ پر جا کر اپنا بہترین کھیل پیش کرنا چاہتی تھی۔ مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے۔‘

32 سالہ سیرینا فرینچ اور یو ایس اوپن کی دفاعی چیمپیئن ہیں، اور ان کے بارے میں کہا جا رہا تھا کہ وہ 2014 میں چاروں گرینڈ سلیم ٹائٹل جیت سکتی ہیں۔

اس سے قبل سیرینا ولیمز نے آسٹریلین اوپن میں مجموعی طور پر 61واں سنگلز میچ جیت کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ اس طرح وہ آسٹریلیئن اوپن کی تاریخ میں سب سے زیادہ سنگلز میچ جیتنے والی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔

اسی بارے میں