37 ملین پاؤنڈ کے عوض ماتا مانچسٹر یونائیٹڈ میں

تصویر کے کاپی رائٹ PA
Image caption جو آن ماتا گذشتہ دو سیزن میں چیلسی کے سال کے بہترین کھلاڑی رہے ہیں

انگلش فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے ریکارڈ رقم کے عوض ہسپانوی مڈ فیلڈر جوآن ماتا کی خدمات حاصل کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔

اطلاعات کے مطابق مانچسٹر یونائیٹڈ لندن کے کلب چیلسی کو ماتا کے لیے تین کروڑ 70 لاکھ پاؤنڈ ادا کرے گا۔

مانچسٹر یونائیٹڈ نے جمعے کو کہا کہ وہ 25 سالہ ماتا کے طبی معائنے اور ان کی جانب سے معاہدے کی شقوں پر آمادگی کی صورت میں ریکارڈ فیس ادا کرے گا۔

اس سے قبل کلب نے سب سے زیادہ ٹرانسفر فیس 2008 میں لندن کے ہی ایک اور کلب ٹوٹہنم ہاٹسپرز کو دیمیتری بارباتوو کے لیے ادا کی تھی جو کہ تین کروڑ سات لاکھ 50 ہزار پاؤنڈ تھی۔

جوآن ماتا سنہ 2011 میں ہسپانوی کلب ویلنسیا سے دو کروڑ 35 لاکھ پاؤنڈ کے عوض چیلسی منتقل ہوئے تھے۔

چیلسی کے کوچ ہوزے مورینو نے جمعے کو ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’چیزیں اچھی سمت کی جانب جا رہی ہیں، ہم نے جوآن کو سفر کرنے اور میڈیکل ٹیسٹ کروانے کی اجازت دی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ماتا احترام کے مستحق ہیں اور چونکہ ہمیں کی گئی پیش کش مناسب تھی اسی لیے ہم نے انھیں معاہدے کے لیے بات کرنے کی اجازت دی۔‘

مورینو نے کہا کہ جب انھوں نے جوآن ماتا سے پوچھا کیا وہ اس پیش کش پر جانے کے لیے خوش ہیں تو جوآن کا کہنا تھا کہ ہاں وہ بہت خوش ہیں۔

جو آن ماتا گذشتہ دو سیزنز میں چیلسی کے سال کے بہترین کھلاڑی رہے ہیں تاہم وہ مورینو کی ٹیم میں باقاعدہ جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔

سپین کے لیے 32 میچ کھیلنے والے جو آن ماتا نے بدھ کو چیلسی کے تربیتی میدان میں اپنے ساتھیوں اور عملے کو الوداع کہہ دیا تھا۔

اسی بارے میں