بھارت کو آخری ایک روزہ میچ میں بھی شکست

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption راس ٹیلر نے سیریز میں دوسری نصف سنچری سکور کی

نیوزی لینڈ نے ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں بھارت کو 87 رنز سے شکست دے دی ہے۔

جمعہ کو ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنائے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

نیوزی لینڈ کی اننگز کی خاص بات راس ٹیلر کی عمدہ بلے بازی تھی۔ انھوں نے اس سیریز میں لگاتار دوسری سنچری بنائی اور 102 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ان کے علاوہ کین ولیمسن نے بھی 88 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

بھارت کی جانب سے ورون آرون دو وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔

304 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کا آغاز اچھا نہ رہا اور اس کے تین بلے باز 30 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوگئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption سیریز میں کین ولیمسن کی عمدہ بلے بازی آخری میچ میں بھی جاری رہی

اس موقع پر وراٹ کوہلی اور کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹیم کو سنبھالا دیا۔ دھونی تین رنز کی کمی سے نصف سنچری مکمل نہ کر سکے جبکہ کوہلی نے 82 رنز کی اننگز کھیلی۔

ان دونوں کے علاوہ کوئی بھی بھارتی بلے باز وکٹ پر نہ جم سکا اور بھارتی ٹیم آخری اوور میں 216 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ہنری نے چار جبکہ ولیمسن اور ملز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس فتح کے نتیجے میں نیوزی لینڈ نے یہ سیریز چار صفر سے جیت لی ہے۔

بھارت کو اس سیریز میں پہلے، دوسرے، چوتھے اور پانچویں میچ میں شکست ہوئی جبکہ تیسرا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد برابر رہا تھا۔

سیریز میں شکست کی وجہ سے بھارت کو ایک روزہ میچوں کی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن سے بھی ہاتھ دھونا پڑے ہیں اور اب آسٹریلیا نے اس سے یہ درجہ چھین لیا ہے۔

اسی بارے میں