دھونی ایشیا کپ سے ’چوٹ‘ کے باعث باہر

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption بورڈ کا کہنا ہے کہ دھونی کی چوٹ ٹھیک ہونے میں دس دن تک کا وقت لگ سکتا ہے

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی چوٹ کی وجہ سے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں نہیں کھیل سکیں گے۔

ایشیا کپ بنگلہ دیش میں کھیلا جائے گا۔

بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ یعنی بی سی سی آئی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق دھونی کو نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے دوران چوٹ لگی تھی۔

بورڈ کا کہنا ہے کہ دھونی کی چوٹ ٹھیک ہونے میں دس دن تک کا وقت لگ سکتا ہے۔ ان کی جگہ سلیکشن کمیٹی نے وکٹ کیپر بلے باز دنیش کارتک کو جگہ دی ہے۔

ایشیا کپ کے لیے ٹیم کی کپتانی کی ذمہ داری بلے باز وراٹ کوہلی کو سونپی گئی ہے۔

نیوزی لینڈ کے دورے میں بھارتی ٹیم کوئی بھی کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی اور اسی وقت سے دھونی کی قیادت کے حوالے سے سابق کرکٹروں نے سوال اٹھائے تھے۔

نیوزی لینڈ کے دورے پر بھارت ون ڈے سیریز 4-0 سے اور ٹیسٹ سیریز 1-0 سے ہارا تھا۔

تیز گیند باز اتل واسن نے کپتانی کے بارے میں کہا ’اب وقت آ گیا ہے کہ ایک کپتان کے طور پر دھونی کو ون ڈے یا ٹیسٹ میچ میں سے ایک کو منتخب کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ سلیکشن کمیٹی کی بھی جوابدہی ہونی چاہیے۔ اگر دھونی کے چہیتے کھلاڑی بغیر کسی خاص کارکردگی کے ٹیم میں کھیلتے رہیں گے تو وہ انہیں کھلاتے رہیں گے؟‘

موہندر امرناتھ نے بھی اتل واسن سے اتفاق کرتے ہوئے کہا ’اب کسی اور کھلاڑی کو کپتان کے طور پر موقع دینا چاہیے۔‘

موہندر امرناتھ اور اتل واسن، دونوں ہی کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میک کلم نے ایک کپتان کے طور پر بہترین مثال پیش کی۔

اسی بارے میں