پاکستان انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption سمیع اسلم اور امام الحق نے پہلی وکٹ کے لیے 177 رنز کی شراکت قائم کی

متحدہ عرب امارات میں جاری آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل مقابلے میں پاکستان سری لنکا کو 121 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے جبکہ بھارت انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا ہے۔

سنیچر کو شارجہ میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 279 رنز بنائے۔

پاکستانی اننگز کی خاص بات اوپنرز امام الحق اور کپتان سمیع اسلم کی عمدہ بلے بازی تھی۔

ان دونوں نے نصف سنچریاں بنائیں اور پہلی وکٹ کے لیے 177 رنز کی شراکت قائم کی۔

سمیع 95 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ امام نے 82 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان دونوں نے بھارت کے خلاف میچ میں بھی سنچری شراکت بنائی تھی۔

ان کے علاوہ کامران غلام نے بھی 52 رنز بنا کر ٹیم کا سکور 279 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

سری لنکا کی جانب سے فرنینڈو چار وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے۔

280 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی دو وکٹیں صرف دس رنز پر گر گئیں تاہم اس موقع پر سماراوکرما اور پریرا نے نصف سنچریاں بنا کر ٹیم کو سہارا دیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption بھارت نے ابتدائی راؤنڈ میں پاکستان کو شکست دی تھی

لیکن بعد میں آنے والے بلے باز زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور سری لنکا کی پوری ٹیم تینتالیسویں اوور میں 158 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

سری لنکا کے آٹھ بلے بازوں کا سکور دوہرے ہندسوں تک بھی نہیں پہنچ سکا۔

پاکستان کی جانب سے ضیاالحق، کامران غلام، کرامت علی اور ظفر گوہر نے دو، دو وکٹیں لیں جبکہ دو سری لنکن کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔

بھارت ٹورنامنٹ سے باہر

ایک اور کوارٹر فائنل میں انگلینڈ نے بھارت کو تین وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے تھے اور انگلینڈ نے 222 رنز کا ہدف آخری اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

انگلینڈ کی جانب سے ڈکٹ نے 61 اور کلارک نے 42 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

سیمی فائنل مرحلے میں پاکستان اور انگلینڈ مدِمقابل ہوں گے۔

اسی بارے میں