پاکستان انڈر19 ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

تصویر کے کاپی رائٹ ICC
Image caption فائنل میں پاکستان کا مقابلہ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے مابین دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا

متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے انگلینڈ کو تین وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

دبئی میں پیر کو کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ نے فتح کے لیے پاکستانی ٹیم کو 205 رنز کا ہدف دیا جو اس نے آخری اوور میں حاصل کر لیا۔

تفصیلی سکور کارڈ

اس میچ میں پاکستان کا ٹاپ آرڈر ناکام رہا لیکن مڈل آرڈر میں سعود شکیل اور امیر حمزہ اور پھر آخر میں ظفر گوہر اور عماد بٹ نے اہم شراکتیں قائم کر کے ٹیم کو فتح دلوائی۔

پاکستان کے آؤٹ ہونے والے ابتدائی بلے بازوں میں کپتان سمیع اسلم، امام الحق، حسن رضا اور کامران غلام شامل تھے۔

اس ٹورنامنٹ میں چار مرتبہ سو رنز سے زیادہ کی شراکت بنانے والے سمیع اسلم اور امام الحق اس بار بالترتیب 18 اور 28 رنز ہی بنا سکے۔

57 کے سکور پر چار وکٹیں گرنے کے بعد سعود شکیل اور امیر حمزہ نے 50 رنز سے زیادہ کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو سہارا دیا۔ اس شراکت کا خاتمہ سائر نے امیر حمزہ کو آؤٹ کر کے کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ظفر گوہر نے سیمی فائنل میں نہ صرف دو وکٹیں لیں بلکہ 37 رنز کی اہم اننگز کھیلی

سعود شکیل نے 45 رنز کی اننگز کھیلی اور انھیں فشر نے وکٹوں کے پیچھے کیچ کروایا جبکہ سیف اللہ خان کوئی رن نہ بنا سکے۔

اس کے بعد اٹھویں وکٹ کے لیے ظفر گوہر اور عماد بٹ نے 63 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کر کے پاکستان کی شکست کو فتح میں تبدیل کر دیا۔

ظفر 37 اور عماد 36 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے فشر، سائر اور جونز نے دو، دو وکٹیں لیں۔

اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے ٹیٹر سال اور فنچ نے اننگز کا آغاز کیا، لیکن یہ دونوں اوپنر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ icc
Image caption انگلینڈ نے بھارت کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی

بعد میں آنے والے بلے بازوں میں رائن ہگنز اور ول روڈز عمدہ بلے بازی کی اور ٹیم کو ایک بہتر سکور تک پہنچنے میں مدد دی۔

ان دونوں نے نصف سنچریاں بنائیں۔ روڈز نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 76 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے جبکہہ رائن ہگنز نے تین چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے ضیاالحق، کرامت علی اور ظفر گوہر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل مقابلوں میں پاکستان نے سری لنکا جبکہ انگلینڈ نے دفاعی چیمپیئن بھارت کو شکست دی تھی۔

فائنل میں پاکستان کا مقابلہ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے مابین 26 فروری کو ہونے والے دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔

اسی بارے میں