ایشیا کپ: پاکستان نے افغانستان کو ہرا دیا

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption جمعرات کو کھیلے جانے والے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلی بیٹنگ کی دعوت دی تھی

بنگلہ دیش میں جاری ایشیا کپ کے تیسرے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 72 رنز سے شکست دے دی ہے۔

افغانستان کی پوری ٹیم 249 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 176 رنز کر آؤٹ ہو گئی۔

افغانستان کی جانب سے نور علی زردان نے سات چوکوں کی مدد سے 44 جب کہ اصغر ستنکزئی نے تین چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

پاکستان اور افغانستان مدِمقابل: تصاویر

افغانستان کی جانب سے نور علی زدران اور اصغر ستنکزئی نے دوسری وکٹ کے لیے 66 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ نے تین، سعید اجمل، عمر گل نے دو دو جب کہ شاہد آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جمعرات کو کھیلے جانے والے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلی بیٹنگ کی دعوت دی تو عمر اکمل کی عمدہ بلے بازی کی بدولت پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز بنائے۔

پاکستانی اوپنرز نے ٹیم کو 55 رنز کا آغاز دیا تاہم اس کے بعد وقفے وقفے سے پاکستانی وکٹیں گرتی رہیں اور آدھی ٹیم صرف 108 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئی۔

پاکستان کے ابتدائی بلے بازوں میں احمد شہزاد کے علاوہ کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔ احمد شہزاد نے بھی نصف سنچری تو بنائی لیکن ایک غیرضروری شاٹ کھیلتے ہوئے آؤٹ ہوئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption عمر اکمل نے اس ٹورنامنٹ میں عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا ہے

پہلے میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کپتان مصباح الحق بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہوئے۔

اس موقع پر عمر اکمل اور انور علی کے درمیان ساتویں وکٹ کے لیے 60 رنز کی شراکت ہوئی جس نے پاکستانی ٹیم کی پوزیشن بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

عمر اکمل نے ایک روزہ کرکٹ میں اپنی دوسری سنچری مکمل کی اور وہ 102 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور پاکستان کا سکور 248 رنز تک پہنچا دیا۔

یہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کا دوسرا میچ ہے۔ پاکستان اپنا پہلا میچ سری لنکا سے بارہ رنز سے ہار گیا تھا۔

اس سے قبل پاکستان اور افغانستان ایک بار ایک روزہ کرکٹ میچ میں مدِمقابل آئے ہیں اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان یہ میچ جیت گیا تھا۔

اسی بارے میں