ورلڈ ٹی ٹوئنٹی: نیپال نے افغانستان کو نو رنز سے ہرا دیا

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption بلے باز سباش کاخورل نے 53 گیندوں پر 56 رنز بنائے تھے

آئی سی سی کے پانچویں عالمی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ مرحلے میں نیپال نے افغانستان کونو رنز سے شکست دے دی ہے۔

بنگلہ دیش کے شہر چٹاگانگ کے ظہور احمد چوہدری سٹیڈیم میں افغانستان نے ٹاس جیت کر نیپال کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو نیپال نے 141 رنز بنانے میں پانچ وکٹیں گنوائیں۔ تاہم 142 کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز ہی بنا پائی۔

افغانستان کی بیٹنگ کا آغاز اچھا نہ تھا اور پچاس کے سکور تک ان کی 5 وکٹیں گر چکی تھیں۔ افغانستان کے پہلے چاروں بلے باز سنگل ڈیجٹ میں ہی آؤٹ ہو گئے۔

افغان ٹیم کے کامیاب ترین بلے باز ساتویں نمبر پر آنے والے اصغر ستنکزئی تھے جنھوں نے 49 رنز بنائے۔

نیپال کے جتندرا مکھیا نے تین، سومپل کامی اور شکتی گوچن نے دو دو جبکہ بسنت رگمی نے ایک وکٹ لی۔

جتندرا مکھیا نے مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی جیتا۔

اس سے پہلے نیپال کی جانب سے کامیاب ترین بلے باز سباش کاخورل رہے جنہوں نے ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے 53 گیندوں پر 56 رنز بنائے۔

افغانستان کے لیے شاہپور زدران نے دو جبکہ دولت زدران، میر واعظ اشرف اور محمد نبی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل اس ٹونامنٹ میں افغانستان اور نیپال نے دو دو میچ کھیل رکھے ہیں اور دونوں نے ایک میچ جیتا اور ایک ہارا ہے۔

ان دونوں ٹیموں کے ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں پہنچنے کا امکان بہت کم ہے کیونکہ اس گروپ میں میزبان بنگلہ دیش اپنے دونوں ابتدائی میچ جیت چکا ہے۔

کوالیفائنگ مرحلہ

اس مرتبہ یہ ٹورنامنٹ دو مراحل میں کھیلا جا رہا ہے۔

پہلے مرحلے میں آٹھ ٹیموں کے درمیان کوالیفائنگ میچز کھیلے جائیں گے جن میں سے دو ٹیمیں سپر 10 مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی جہاں وہ پہلے سے موجود آٹھ بڑی ٹیموں کے خلاف مدمقابل ہوں گی۔

کوالیفائنگ میچز کھیلنے والی ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے بنگلہ دیش، افغانستان، نیپال اور ہانگ کانگ جبکہ گروپ بی آئرلینڈ، زمبابوے، ہالینڈ اور متحدہ عرب امارات پر مشتمل ہے۔

گروپ اے سے کوالیفائی کرنے والی ٹیم فائنل راؤنڈ میں گروپ ٹو میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا اور دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز سے مقابلہ کرے گی۔

گروپ بی کی فاتح ٹیم کا سامنا گروپ ون میں سری لنکا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ سے ہوگا۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا سپر 10 مرحلہ اکیس مارچ سے شروع ہوگا اور اس مرحلے کا آغاز روایتی حریف ٹیموں پاکستان اور بھارت کے درمیان میرپور میں کھیلے گئے میچ سے ہوگا۔

میرپور کا ہی شیرِ بنگلہ سٹیڈیم ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنلز اور فائنل کی میزبانی کرے گا۔

پہلا سیمی فائنل تین اور دوسرا سیمی فائنل چار اپریل کو کھیلا جائے گا جبکہ ٹورنامنٹ کے فاتح کا فیصلہ چھ اپریل کو کھیلے جانے والے فائنل میں ہوگا۔

اسی بارے میں