میزبان ٹیم دفاعی چیمپئن کے سامنے ڈھیر

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption مشفق الرحمنٰ نے بائیس رن بنائے

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مقابلوں میں منگل کو میزبان بنگلہ دیش کی ٹیم دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز سے اپنے پہلے ہی میچ میں شکست کھا گئی ہے۔

اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوور میں ایک سو اکہتر رن بنائے تھے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم اس ہدف کے تعاقب میں سو سے کم رن بنا کر آؤٹ ہو گئی اور یوں تہتر رن سے ہار گئی۔

ویسٹ انڈیز یہ میچ تہتر رن سے جیتنے کے بعد سکور کارڈ پر رن کی اوسط پر پاکستان سے اوپر، دوسرے نبمر پر آ گیا ہے۔ پاکستان اب سکور کارڈ پر تیسرے نمبر پر ہے۔

اس گروپ میں دو میچوں میں کامیابی حاصل کرکے بھارت پہلے نمبر پر ہے۔

بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو کھیلنے کی دعوت دی اور ویسٹ انڈیز کے بلے باز شروع میں آزادی سے اپنے جارحانہ انداز سے کھیلنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

کرس گیل جو سب سے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہیں اڑتالیس گیندوں میں اڑتالیس رن ہی بنا سکے۔ تاہم ان کے ساتھی سمتھ نے کھل کا شاٹس کھیلے اور ترتالیس گیندوں میں 72 رن بنانے میں کامیاب رہے۔ انھوں نے اپنی اننگز میں دس چوکے اور تین چھکے لگائے۔

بنگلہ دیش کی طرف سے امین الحق نے اچھی باؤلنگ کی اور انھوں نے بائیس رن دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بنگلہ دیش کی طرف سے کوئی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔ ان کے سب سے مایہ ناز بلے باز شکیب الحسن صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

سمیول بدری نے ویسٹ انڈیز کی طرف سے پندرہ رن دے کر چار ووکٹیں حاصل کئیں۔ سنتوکی نے سترہ رن دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔