پرچموں پر پابندی ، آئی سی سی نے وضاحت طلب کرلی

تصویر کے کاپی رائٹ ICC
Image caption آئی سی سی نے اس پابندی پر حیرت کا اظہار کیا ہے

کرکٹ کے کھیل کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ سے اس بیان پر وضاحت طلب کر لی ہے جس میں بنگلہ دیشی شائقین کے غیر ملکی پرچم سٹیڈیم میں لانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

بنگلہ دیشی حکام نے ملک میں جاری ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دوران بنگلہ دیشی شہریوں پر پابندی لگائی ہے کہ وہ میچوں کے دوران غیر ملکی ٹیموں کے پرچم ساتھ نہ لائیں۔

آئی سی سی نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ وہ اس قانون کے بارے میں لاعلم تھی جس کا بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں ذکر کیا ہے۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کا یہ بیان اس عمل کے بھی قطعاً برعکس ہے جس کے تحت آئی سی سی بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے ساتھ موجودہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فروغ اور مارکیٹنگ کے ضمن میں کام کرتی آئی ہے۔

آئی سی سی کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ کوئی بھی ایسا کام نہیں کرے گی جو کسی بھی ملکی قانون سے متصادم ہو لیکن وہ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے ذریعے صورتحال کی وضاحت ضرور چاہے گی۔

بنگلہ دیشی شائقین پر غیرملکی پرچم سٹیڈیم میں لانے پر پابندی کے اس فیصلے پر شائقین اور مبصرین نے حیرت کا اظہار کیا ہے اور اسے شائقین کو ان کی پسندیدگی کے حق سے محرومی کے مترادف کہا جارہا ہے۔

مبصرین کا یہ کہنا ہے کہ آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دوران بنگلہ دیشی بچے ہر میچ سے قبل سٹیڈیم میں شریک ٹیموں کے پرچم لے کر آتے ہیں تو کیا اب ان پر بھی یہ پابندی عائد کردی جائے گی؟

مبصرین نے اس بات پر بھی حیرت ظاہر کی ہے کہ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے جس قانون کا ذکر کیا ہے اس کا خیال اسے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے آغاز سے قبل کیوں نہیں آیا؟

خیال رہے کہ عالمی ایونٹ کی تشہیر تو کئی ماہ سے جاری ہے اور اس میں بنگلہ دیشی شہری تمام ٹیموں کے پرچموں کے ساتھ اس میں حصہ لیتے رہے ہیں۔

اس سے قبل بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر اسماعیل حیدر نے مقامی اخباروں کے نمائندوں کو بتایا تھا یہ فیصلہ صرف اور صرف سکیورٹی وجوہات کی بنا پر کیا گیا ہے۔

بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ حالیہ میچوں کے دوران مقامی لوگوں کو غیر ملکی جھنڈے اٹھائے دیکھا گیا تھا جو کہ قومی پرچم کے بارے میں قواعد کی خلاف ورزی ہے۔

انھوں نے کہا سٹیڈیم کے باہر تعینات سکیورٹی حکام کو واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ کسی بھی مقامی شخص کو غیر ملکی جھنڈے لے کر سٹیڈیم میں داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے۔

فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حال ہی میں ہونے والے ایشیا کپ کے دوران بنگلہ دیشی شہریوں کی بڑی تعداد پاکستان کے جھنڈوں سمیت سٹیڈیم میں موجود تھی جس پر ملک کے اندر کئی حلقوں کی جانب سے زبردست تنقید کی گئی۔

اسی بارے میں