صرف اور صرف جیت پر توجہ ہے ، روہت شرما

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption روہت شرما نے بھارتی بیٹنگ کو دونوں میچوں میں اچھا آغاز فراہم کیا ہے

بھارتی کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں اپنا تیسرا میچ جمعہ کو میزبان بنگلہ دیش کے خلاف کھیل رہی ہے۔

بھارتی ٹیم اب تک اپنے دونوں میچ جیت چکی ہے۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے خلاف دونوں میچوں میں اسےسات وکٹوں سے کامیابی حاصل ہوئی تھی۔

بھارتی اوپنر روہت شرما کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف جیت سے ان کی ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات روشن ہوجائیں گے جو پہلی ترجیح ہے لیکن بنگلہ دیشی ٹیم کو کسی طور آسان نہیں سمجھا جاسکتا ۔وہ اپنی کنڈیشنز اور اپنے کراؤڈ کے سامنے ایک خطرناک ٹیم ہے۔

روہت شرما سے جب یہ پوچھاگیا کہ بھارتی کرکٹ اس وقت آئی پی ایل کے معاملے میں جس صورتحال سے دوچار ہے تو کیا یہ بات کھلاڑیوں کے لیے پریشان کن نہیں ہے؟ تو ان کا مختصر جواب تھا’ نہیں ‛۔

روہت شرما کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم عالمی ایونٹ جیتنے کے عزم کے ساتھ بنگلہ دیش آئی ہے اور دو میچ جیتنے کے بعد وہ صحیح سمت میں جاتی ہوئی نظر آرہی ہے تاہم اگلے میچوں میں ٹیم کو کھیل کے تینوں اہم شعبوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

روہت شرما کہتے ہیں کہ رن ریٹ یقیناً ان کی ٹیم کے ذہن میں ہوگا لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ واضح فرق سے اگلے دونوں میچ جیتے جائیں۔ ایک واضح جیت رن ریٹ کو خود بخود اچھا کردیتی ہے۔

روہت شرما کے خیال میں وکٹیں بیٹنگ کے لیے آسان نہیں ہیں ان پر توجہ سے بیٹنگ کرنی پڑتی ہے۔

یوراج سنگھ کی فارم کے بارے میں سوال پر شرما نے بھی اپنے کپتان دھونی کی طرح یہی کہا کہ ایک اچھی اننگز یوراج سنگھ کا اعتماد بحال کردے گی۔

اسی بارے میں