بھارت کی جیت اور جنوبی افریقہ کا جمود برقرار

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption بھارتی ٹیم نے ویراٹ کوہلی کے ناقابل شکست 72 رنز کے نتیجے میں مطلوبہ سکور پانچ گیندیں پہلے ہی حاصل کرلیا

جنوبی افریقی ٹیم عالمی مقابلوں کے فائنل میں نہ پہنچنے کا جمود اس بار بھی نہ توڑ سکی۔

آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل میں بھارت نے اسے چھ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی جہاں اتوار کے روز سری لنکا کی ٹیم اس کی منتظر ہوگی۔

میرپور کے شیربنگلہ اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چار وکٹوں پر ایک سو بہتر رنز بنائے ۔

بھارتی ٹیم نے ویراٹ کوہلی کے ناقابل شکست 72 رنز کے نتیجے میں مطلوبہ سکور پانچ گیندیں پہلے ہی حاصل کرلیا۔

ویراٹ کوہلی کی اننگز میں دو چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے۔

بھارت نے منزل تک پہنچنے کے لیے ابتدا ہی سے جارحانہ انداز اپنایا۔ روہت شرما اور راہانے نے چار اوورز میں 39 رنز بناڈالے اس موقع پر ہینڈرکس کی گیند پر ڈوپلیسی کے کیچ نے 24 رنز بنانے والے روہت شرما کو واپسی کی راہ دکھائی۔دسویں اوور میں پارنل کی گیند پر اے بی ڈی ویلیئرز کے کیچ نے راہانے کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔انھوں نے 32 رنز سکور کیے۔

ویراٹ کوہلی اور یوراج سنگھ کی شراکت میں 56 رنز بنے۔

یوراج سنگھ 18 رنز بناکر عمران طاہر کی وکٹ بنے۔کوہلی اور رائنا کی بیٹنگ نے منزل آسان کردی۔

رائناصرف دس گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ڈیولیئرز کی محنت بھی جنوبی افریقہ کو کامیاب نہ کرا سکی

اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی تو پہلے ہی اوور میں کمار کو ڈی کوک کی وکٹ امپائر ای این گلڈ کے کاٹ بی ہائنڈ فیصلے پر مل گئی جس سے وہ مطمئن نہیں تھے۔

ہاشم آملا اور کپتان ڈوپلیسی نے حملے کو ہی بہترین دفاع جانا اور کئی خوبصورت سٹروکس کھیلے۔ ایشون نے اپنے پہلے ہی اوور میں آملا کو 22 کے انفرادی اسکور پر بولڈ کردیا جس میں چار چوکے شامل تھے۔

ڈوپلیسی اور جے پی ڈومینی بھارتی بولرز پر خوب برسے۔دونوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 71 رنز کا اضافہ کیا۔

یہ شراکت بھی ایشون نے ڈوپلیسی کو 58 رنز پر بولڈ کرکے ختم کی۔ ڈوپلیسی نے یہ سکور 41 گیندوں پر دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے بنایا۔

ایشون نے اپنے اگلے اوور میں دس رنز بنانے والے اے بی ڈی ویلیئرز کو بھی پویلین کا راستہ دکھایا تاہم ڈومینی اور ڈیوڈ ملر سکور میں قیمتی 63 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

ڈومینی تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 45 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ملر نے صرف 12 گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 23 رنز بنائے۔

بھارتی بولرز میں روی چندرن ایشون نے چار اوورز میں صرف 22 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں لیکن دوسرے بولرز اپنے کپتان کے چہرے پر مسکراہٹ نہ لا سکے۔

امیت شرما اور موہت شرما تین اوورز میں 36 اور 34 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ شاہ خرچ رہے۔

اسی بارے میں