مانچسٹر سٹی کو شکست، لیورپول کی پوزیشن مستحکم

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption لیورپول نے اس ہاف میں دو گول کیے۔ پہلا گول پہلے ہاف کے چھٹے منٹ اور دوسرا گول 26ویں منٹ میں کیا گیا

برطانیہ میں کھیلے جانے والی پریمیئر لیگ کے ایک اہم میچ میں لیورپول نے مانچسٹر سٹی کو شکست دے کر اپنی پہلی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔

اینفیلڈ میں کھیلے گئے اس دلچسپ میچ کا پہلا ہاف لیورپول نے اپنے نام کیا جب وہ مکمل طور پر مانچسٹر سٹی پر حاوی رہی۔

لیورپول نے اس ہاف میں دو گول کیے۔ پہلا گول پہلے ہاف کے چھٹے منٹ اور دوسرا گول 26ویں منٹ میں کیا گیا۔

پہلے ہاف ہی میں مانچسٹر سٹی کے سٹار کھلاڑی یایا تورے زخمی ہونے کے باعث میدان سے باہر چلے گئے۔

دوسرے ہاف میں مانچسٹر سٹی نے عمدہ کھیل پیش کیا اور دو گول کر کے میچ برابر کردیا۔

تاہم میچ ختم ہونے میں بارہ منٹ باقی تھے جب مانچسٹر سٹی کے کپتان ونسنٹ کومپنی اپنے پنلٹی ایریا سے بال کلیئر نہ کر سکے اور بال سیدھی لیورپول کے کھلاڑی فیلیپ کوٹنہو کے پاس گئی جنہوں نے فیصلہ کن گول کیا۔

یاد رہے کہ مانچسٹر سٹی کے کپتان کومپنی بھی زخمی ہیں اور اس میچ سے قبل تک ان کی ٹیم میں شمولیت یقینی نہ تھی۔

اس میچ میں فتح کے بعد لیورپول نے پریمیئر لیگ میں اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے۔

اسی بارے میں