آئی پی ایل: پہلا میچ، کولکتہ نے ممبئی کو ہرا دیا

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption تجربہ کار ژاک کیلس اور منیش پانڈے کی 130 رنز کی بہترین شراکت نے ممبئی کی ٹیم کو مشکل میں ڈال دیا

متحدہ عرب امارات میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ساتویں سیزن کے پہلے میچ میں کولکتہ نائٹ رائڈرز نے ممبئی انڈینز کو 41 رنز سے شکست دے دی ہے۔

ابو ظہبی کے شیخ زائد سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں کولکتہ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ممبئی کو کامیابی کے لیے 163 رنز کا ہدف دیا تھا۔

کولکتہ کی بیٹنگ کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا اور دوسری ہی اوور میں کپتان گوتھمب گھمبیر چار کے مجموعی سکور پر آوٹ ہوگئے۔ مگر اس کے بعد تجربہ کار ژاک کیلس اور منیش پانڈے کی 130 رنز کی بہترین شراکت نے ممبئی کی ٹیم کو مشکل میں ڈال دیا۔کیلس نے 72 جبکہ پانڈے نے 64 رنز بنائے۔

گھمبیر، کیلس اور پانڈے سمیت بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن کو آوٹ کر کے سری لنکا کے لاستھ ملنگا ممبئی کے کامیاب ترین بالر رہے۔

ممبئی انڈینز نے جب 163 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنر مائیکل ہسی صرف تین رنز بنا کر آوٹ ہوگئے۔ ممبئی انڈینز کی ٹیم مقررہ اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز بنا سکی۔

کولکتہ کی جانب سے کامیاب ترین بالر سنیل نارائن تھے جنھوں نے چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

یاد رہے کہ بھارت میں پارلیمانی انتخابات کے سبب آئی پی ایل کا پہلا مرحلہ متحدہ عرب امارات میں منعقد ہو رہا ہے۔ پہلے مرحلے کے مقابلے ابوظہبی، شارجہ اور دبئی میں کھیلے جائیں گے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption آئی پی ایل سیزن سات کی شروعات مختلف قسم کے تنازعات کے درمیان ہو رہی ہے

واضح رہے کہ آئی پی ایل سیزن سات کی شروعات مختلف قسم کے تنازعات کے درمیان ہو رہی ہے۔ آئی پی ایل کی دو اہم ٹیمیں چینّئی سپر کنگز اور راجستھان رائلز کے ٹورنامنٹ میں شامل ہونے پر سوالیہ نشان لگ گئے تھے۔

اس کے پس پشت دونوں ٹیموں کے مالکان اور کھلاڑیوں پر سٹے بازی اور میچ کے متعلق معلومات فراہم کرنے کے سنگین الزام لگے تھے۔

ابھی یہ معاملہ عدالت میں ہے اور آئی پی ایل کی تمام ٹیمیں اس ٹورنامنٹ کو جیتنے کے لیے کمر بستہ ہیں۔

آئی پی ایل میں ممبئی انڈینس اور کولکتہ نائٹ رائڈرز کے علاوہ باقی ٹیموں میں وراٹ کوہلی کی کپتانی میں رایل چیلنجرز (بنگلور ، شکھر دھون کی قیادت میں سنرا‏ئزرس (حیدرآباد)، بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں چینّئی سپر کنگز، انگلینڈ کے سابق سٹار بلے باز کیون پیٹرسن کی قیادت میں دہلی ڈیئر ڈیولز، آسٹریلوی کھلاڑی جارج بیلی کی کپتانی میں کنگز الیون (پنجاب) اور آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن کی قیادت میں ٹیم راجستھان رائلز شامل ہیں۔

ممبئی انڈیئنز کی قیادت روہت شرما کر رہے ہیں جبکہ کولکتہ نائٹ رائڈرز کی قیادت بھارت کے سابق اوپنر گوتم گمبھیر کے ہاتھوں میں ہے۔

آئی پی ایل میں ابھی تک صرف چینّئی سپر کنگز ہی واحد ایسی ٹیم ہے جس نے اپنا کپتان نہیں بدلا ہے۔ مہندر سنگھ دھونی اس بار بھی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں جبکہ باقی تمام ٹیموں کے کپتان بدلے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ اس آئي پی ایل میں بہت سے سٹار کھلاڑی نہیں اس بار نظر نہیں آئیں گے۔ ان میں بھارت کے سابق عظیم بلے باز سچن، راہل دراوڈ، سری لنکا کے وکٹ کیپر بلے باز کمارا سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے ، آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ کا نام شامل ہے۔

متحدہ عرب امارات میں 30 اپریل تک پہلے مرحلے کے مقابلے ہوں گے اس کے بعد دو مئی سے آئی پی ایل بھارت لوٹ آئے گا۔

اسی بارے میں