مارون اٹاپٹو سری لنکا کے عبوری کوچ مقرر

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption مارون اٹاپٹو گذشتہ تین سال سے سری لنکا کے بیٹنگ کوچ ہیں

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے سابق اوپنگ بیٹسمین مارون اٹاپٹو کو ٹیم کا عبوری کوچ مقرر کیا ہے۔

یہ فیصلہ سابق کوچ پال فاربریس کے حالیہ استعفے کے بعد بورڈ کی تین رکنی کمیٹی نے کیا ہے۔

واضح رہے کہ سابق کوچ پال فاربریس نے گذشتہ ہفتے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ پیٹر مورس کی معاونت کی پیشکش کے بعد استعفے کا فیصلہ کیا تھا۔

مارون اٹاپٹو کا شمار سری لنکا کے کامیاب ترین بیٹسمینوں میں ہوتا ہے۔ وہ گذشتہ تین سال سے سری لنکا کے بیٹنگ کوچ ہیں، اور پچھلے ایک سال سے معاون کوچ کی ذمہ داری بھی نبھا رہے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption سری لنکا 2007 کے بعد سے انگلینڈ سے ایک بھی ٹیسٹ میچ نہیں جیت پائی

اٹاپٹو کو کوچ مقرر کرنے والی تین رکنی کمیٹی میں چیف سیلیکٹر، سابق کپتان اور اٹاپٹو کے ساتھی کھلاڑی سنتھ جے سوریا، کوچنگ ڈویژن کے سربراہ جیروم جیارتنے اور کمیٹی کے چیئرمین رنجیت فرنینڈو شامل ہیں ـ

سابق ٹیسٹ سپنر اور موجودہ فیلڈنگ کوچ رون کلپاج کو اٹاپٹو کے معاون کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

مارون اٹاپٹو فوری طور پر کوچ کا عہدہ سنبھالیں گے۔ ان کا سب سے بڑا امتحان اگلے ماہ انگلینڈ کے خلاف ہونے والی ٹیسٹ سیریز ہوگی جہاں پر سابق کوچ پال فاربریس اِنگلش ٹیم کی معاونت کررہے ہیں جو سری لنکن ٹیم کی کمزوریوں سے پوری طرح واقف ہیں۔

خیال رہے کہ حال ہی میں ٹی ٹوئنٹی کی چیمپیئن بننے والی سری لنکن ٹیم 2007 کے بعد سے انگلینڈ سے ایک بھی ٹیسٹ میچ نہیں جیت پائی۔

اسی بارے میں