راجستھان رائلز کی سپر اوور میں جیت

تصویر کے کاپی رائٹ BCCI
Image caption سپر اوور میں راجستھان رائلز کو بارہ رن درکار تھے جو اس نے حاصل کر لیے

انڈین پریمیئر لیگ کے ساتویں سیزن میں منگل کو کھیلے گئے ایک سنسنی خيز مقابلے میں راجستھان رائلز نے سُپر اوور میں کولکتہ نائٹ رائڈرز کو شکست دے دی۔

دونوں ٹیموں نے مقررہ بیس اوورز میں ایک جتنا ہی سکور بنایا جس کے باعث میچ کا فیصلہ سپر اوور میں کرنا پڑا۔

سپر اوور میں راجستھان رائلز کو بارہ رن درکار تھے جو اس نے حاصل کر لیے۔ کولکتہ نائٹ رائڈڑز نے اپنے سپر اوور میں صرف گيارہ رن سکور کیے۔

راجستھان رائلز کے بولر جیمز فوکنر نے پہلے سپر اوور پھینکا اور نپی تلی بونگ کرتے ہوئے صرف گیارہ رن دیے۔

کولکتہ کی طرف سے سنیل نارائن نے سپر اوور پھینکا لیکن اوور کی آخری گیند پر سٹیو سمتھ دو رن لینے میں کامیاب ہوئے اور اس طرح میچ اپنی ٹیم کے نام کیا۔

آئي پی ایل کے اس سیزن کا یہ انیسواں میچ تھا جو ابو ظہبی میں کھیلا گيا۔

راجستھان رائلز کے کپتان واٹسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوور میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 152 رن سکور کیے۔

راجستھان کی طرف سے بلے باز اجنکیا رہانے نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 59 گیندوں پر 72 رن بنائے۔ کپتان شین واٹسن نے بھی 24 گیندوں پر 33 رن سکور کیے۔

کولکتہ نائٹ رائڈرز کو جیت کے لیے 153 رن درکار تھے لیکن ٹیم مقررہ بیس اوور میں آٹھ وکٹ پر 152 رن ہی بنا سکی اور اس طرح میچ ڈرا ہوگیا۔

کولکاتہ کی ٹیم کے کپتان گوتم گمبھیر نے 44 گیندوں پر 45 رن بنائے، آل راؤنڈر شکیب الحسن نے 18 گيندوں پر 29 اور سوریہ کمار یادو نے 19 بالوں پر 31 کی شاندار اننگ کھیلی۔

انڈین پریمیئر لیگ کے اس ساتویں سیزن مین یہ پہلا میچ تھا جس کا فیصلہ سپر اوور کے ذریعے ہوا۔

اسی بارے میں