ممبئی، راجستھان کی فتح، دہلی اور پنجاب کی ہار

تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption راجستھان رائلز نے ڈیلہی ڈیئر ڈیولز کو سات وکٹوں سے ہرا دیا

انڈین پریمیئر لیگ کے حالیہ سیزن میں سنیچر کو ممبئی انڈینز نے کنگز الیون پنجاب کو اور راجستھان رائلز نے ڈیلہی ڈیئر ڈیولز کو شکست دیکر فتح حاصل کی۔

پہلے میچ میں ممبئی انڈينز نے کنگز الیون پنجاب کو پانچ وکٹوں سے اور دوسرے میں راجستھان رائلز نے ڈیلہی ڈیئر ڈیولز کو سات وکٹوں سے ہرا دیا۔

ممبئی انڈینز کو جیت کے لیے 169 رن درکار تھے جو اس نے پانچ وکٹ کے نقصان پر آخری اوور کی پہلی گيند پر حاصل کر لیے۔

یہ میچ ممبئی انڈینز کے ہوم گراؤنڈ پر کھیلا گيا اور آئی پی ایل کے اس سیزن میں ممبئي نے اپنی پہلی جیت درج کی۔

ممبئی کے بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ چدامبرم گوتم نے 29 بالز پر 33 رن، کپتان روہت شرما نے 34 گیندوں پر 39 رن اور کرن پولارڈ نے بارہ بالوں پر شاندار 28 رن بنائے۔

لیکن کوری اینڈرسن نے نازک موقع پر 25 بالز پر اہم 35 رن بنائے جس کی وجہ سے انہیں مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل ہوا۔

اس سے قبل کنگز الیون پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوور میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 168 رن سکور کیے۔

تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption ممبئی انڈينز نے کنگز الیون پنجاب کو پانچ وکٹوں سے شکست دی

پنجاب کے وکٹ کیپر بلے باز وردھمان ساہا نے 47 گیندوں پر 59 رن بنائے۔ گلین میکسویل نے ایک بار پھر سے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہر کیا اور 27 گیندوں پر 45 رن سکور کیے۔

کنگز الیون پنجاب نے اس سیزن میں پہلے کے اپنے پانچوں میچ جیتے تھے اور یہ اس کی پہلی شکست ہے جبکہ ممبئی انڈینز نے مستقل پانچ میچ ہارنے کے بعد پہلی جیت حاصل کی ہے۔

دوسرا میچ ڈیلہی ڈیئر ڈیولز اور راجستھان رائلز کے درمیان دلی کے فیروز شاہ کوٹلہ گراؤنڈ پر کھیلا گيا۔

راجستھان رائلز کو جیت کے لیے 153 رن کا ہدف ملا تھا جسے ٹیم نے انیسویں اوور کی تیسری گيند پر تین وکٹ کے نقصان پر حاصل کر کے اپنی چوتھی کامیابی درج کی۔

راجستھان کی طرف سے اوپننگ بلے باز کرون نائر نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ نائر نے 50 بالز پرآٹھ چوکے اور دو چھکّوں کی مدد سے 73 رن سکور کیے اور آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔

انہیں میچ آف دی مین کا خطاب ملا۔ وکٹ کیپر سنجو سیمسن نے بھی 28 بالز پر 34 رن بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم رول ادا کیا۔

راجستھان رائلز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور دلی کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹ کے نقصان پر مقررہ بیس اوور میں 152 رن بنائے۔

ڈیلہی ڈیئر ڈیولز کی طرف سے اوپننگ بلے باز کوئنٹن ڈي کاک 33 بالز پر 42 رن، جے پی ڈومنی ایک چھکّے اور چار چوکوں کی مدد سے 31 بالز پر 39 رن اور کیدار جادھو 14 بالز پر 28 رن بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

لیکن ٹیم کے باؤلرز موثر ثابت نہیں ہوئے اور راجستھان رائلز کے بلے بازوں نے آسانی سے یہ میچ جیت لیا۔

اسی بارے میں