آئی پی ایل: راجستھان اور چینئی کی فتح

تصویر کے کاپی رائٹ dwaynesmith
Image caption ۔۔۔چينئی سپر کنگز کی طرف اوپننگ بیٹسمین ڈائن سمتھ نے 79 رن سکور کیے

انڈین پریمیئر لیگ کے اس سیزن میں پیر کو کھیلےگئے دو میچوں میں راجستھان رائلز نے کولکاتہ نائٹ رائڈرز کو اور چینئی سپرکنگز نے دہلی ڈيئر ڈیولز کو شکست دی۔

پہلے میچ میں راجستھان نے کولکاتہ نائٹ رائڈرز کو 10 رن سے اور دوسرے میں چينئی نے دہلی کو آٹھ وکٹوں شکست دی۔

کولکتہ کو جیت کے لیے 171 رن درکار تھے لیکن اس کی ٹیم چھ وکٹ کے نقصان پر ایک 160 رن ہی بنا سکی۔کولکاتہ کی یہ مستقل تیسری شکست ہے۔

احمد آباد میں کھیلے جانے والے اس میچ میں کولکاتہ نائٹ رائڈرز کے کپتان گوتم گمبھیر نے ٹاس جیت کو پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور راجستھان نے بیٹنگ کرتے ہوئے چھ وکٹ کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 170 رن سکور کیے۔

اجنکیا رہا نے 30 رن، کرن نائر 44، سنجو سیمسن 37 اور کپتان شین واٹسن 20 گیندوں پر 30 رن بنا کر راجستھان کی طرف نمایاں بلے باز رہے۔

کولکاتہ نائٹ رائڈرز نے 171 رن کے تعاقب میں بہترین آغاز کیا۔ افتتاحی بلے باز گوتم گمبھیر اور رابن اتھپّا کے درمیان 100سے زیادہ رن کی شراکت ہوئی۔

اتھپّا نے 52 بالز پر 65 اور گوتم گمبھیر نے 34 پر 54 رن بنا ئے اور ایک وقت پر ایسا لگا کہ میچ راجستھان کے ہاتھ سے نکل چکا ہے۔

لیکن پھر راجستھان رائلز کے باؤلر پروین تامبے اور کپتان شین واٹسن نے اپنی شاندار باؤلنگ کے ذریعے کولکتہ کی ٹیم کو ایسا لڑکھڑایا کہ دوبارہ سنبھل ہی نہ سکی۔

تامبے اور واٹسن نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا لیکن چونکہ پروین تامبے نے ہیٹ ٹرک کی اس لیے انھیں مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

دوسرا میچ چینئی سپر کنگز اور دہلی ڈيئر ڈیولز کے درمیان دہلی میں ہوا جس میں چینئی نے اپنی مسلسل چھٹی کامیابی درج کی۔

چینئی کو جیت کے لیے 179 رن درکار تھے جو اس نے مخص دو وکٹ کے نقصان پر آخری اوور کی چوتھی گیند پر حاصل کر لیے۔

چينئی سپر کنگز کی طرف اوپننگ بیٹسمین ڈائن سمتھ نے آٹھ چھکّے اور چار چوکوں کی مدد سے 51 گیندوں پر 79 رن سکور کیے اور مین آف دی میچ کے حق دار ٹھہرے۔

سریش رائنا نے بھی 27 گیندوں پر 47 رن بنا کر اس جیت میں اہم کردار ادا کیا اور وہ آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔

چینئی سپر کنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور دہلی ڈيئر ڈيولز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 178 رن بنائے۔

دہلی کی طرف سے وکٹ کیپر دنیش کارتک 36 گیندوں پر 51 رن، مرلی وجے 30 بالز پر 37 رن اور جے پی ڈومنی نے 17 بالز پر 28 رن بنا کر نمایاں رہے۔

اسی بارے میں