عالمی کپ: برازیل کی ٹیم میں نہ کاکا نہ روبینیو

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption کاکا چوتھی مرتبہ فٹبال کا ورلڈ کپ کھیلنے کا اعزاز حاصل نہیں کر پائیں گے

برازیل نے سنہ 2014 کے فٹبال ورلڈ کپ کے لیے اپنے ابتدائی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

اس ابتدائی سکواڈ میں شامل 16 کھلاڑی ایسے ہیں جو گذشتہ برس سپین کے خلاف کنفیڈریشن کپ کا فائنل جیتنے والی برازیل کی ٹیم کے رکن بھی تھے۔

تاہم تین مرتبہ ورلڈ کپ کھیلنے والے کاکا کے علاوہ روبینیو جیسے کھلاڑیوں کے نام ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کے انتخاب میں زیرِ غور نہیں لائے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ رونالڈینیو اور لوکس مورا بھی لوئیز فلیپ سولاری کے 23 کھلاڑیوں میں جگہ نہیں بنا سکے ہیں۔

ابتدائی سکواڈ میں انگلش کلب چیلسی کے لیے کھیلنے والے دفاعی کھلاڑی ڈیوڈ لوئیز اور مڈ فیلڈرز آسکر امبوابا، رمیرس سینٹوس اور ولیئن سلوا کو شامل کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ٹوٹنہم کے کھلاڑی پولینیو اور مانچسٹر سٹی کے مڈفیلڈر فرنینڈینیو بھی اس ورلڈ کپ میں اپنے جوہر دکھاتے نظر آ سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ فرنینڈینیو فروری 2012 کے بعد صرف ایک مرتبہ برازیل کی قومی ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔

برازیلی سکواڈ میں تین گول کیپر جولیو سیزر، جیفرسن اور وکٹر، آٹھ دفاعی کھلاڑی مارسیلو، ڈینیئل الویز، مائیکون، میکسویل، تھیاگو سلوا، ڈیوڈ لوئیز، دانتے اور ہنریک، سات مڈفیلڈر: پولینیو، رمیرز، ولیئن، آسکر، ہرنینس، لوئیزگستاوو اور فرنینڈینیو اور پانچ فارورڈز میں برنارڈ، نیمار، فریڈ، جو اور ہلک شامل ہیں۔

اس برازیلی سکواڈ میں تبدیلی کے لیے برازیل کے پاس دو جون تک کا وقت ہے۔

ورلڈ کپ میں میزبان برازیل کو گروپ اے میں رکھا گیا ہے جس میں کروایشیا، میکسیکو اور کیمرون بھی موجود ہیں۔

ورلڈ کپ سے قبل برازیلی ٹیم تیاری کے سلسلے میں تین جون کو پاناما اور چھ جون کو سربیا سے میچ کھیلےگی۔

اسی بارے میں