ریال میڈرڈ دسویں بار چیمپیئنز لیگ کا فاتح

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption چیمپیئنز لیگ ٹورنامنٹ میں یہ پہلا موقع تھا جب ایک ہی شہر سے تعلق رکھنے والی دو ٹیمیں فائنل میں مدمقابل تھیں

یورپ میں کلب فٹبال کے سب سے بڑے مقابلے یوئیفا چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں ریال میڈرڈ نے ایتھلیٹکو میڈرڈ کو شکست دے دی۔

پرتگال کے شہر لزبن میں کھیلے جانے والے فائنل میں ریال میڈرڈ اپنے ہم وطن کلب کو چار ایک سے ہرا کر دسویں بار چیمپیئنز لیگ کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔

سنیچر کو ہونے والے اس فائنل میں ایتھلیٹکو میڈرڈ کے ڈیاگو گوڈن نے میچ کے پہلے ہاف میں ایک گول کر کے ٹیم کو برتری دلا دی جو کہ میچ کے آخری لمحات تک برقرار رہی۔

تاہم میچ کے پہلے دو ہاف کا مقررہ وقت پورا کرنے کے لیے دیے جانے والے اضافی وقت میں ریال میڈرڈ کے سرجیو راموس نے گول کر کے ایک گول کا خسارہ پورا کر دیا اور یوں میچ کا فیصلہ ایکسٹرا یعنی اضافی وقت میں چلا گیا۔

اضافی وقت کے ختم ہونے کے تقریباً 10 منٹ سے بھی کم وقت میں ریال میڈرڈ نے تین گول کر کے میچ میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

ریال میڈرڈ کی جانب سے آخری تین گول گیرتھ بیل، جونیئر ماسیلو اور کرسچیانو رونالڈو نے کیے جبکہ ریال میڈرڈ کو میچ میں واپس لانے والا گول سرجیو راموس نے کیا۔

سیمی فائنل میں ایٹلیٹیکو میڈرڈ برطانوی فٹ بال کلب چیلسی کو تین ایک سے شکست دے کر 1974 کے بعد پہلی بار فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوا تھا جبکہ ریال میڈرڈ سیمی فائنل میں جرمنی کے فٹ بال کلب بائرن میونخ کو چار صفر سے شکست دے کر 12 سال کے طویل عرصے کے بعد فائنل میں پہنچا تھا۔

اسی بارے میں