آئی پی ایل: کولکتہ اور پنجاب فائنل میں

تصویر کے کاپی رائٹ AFP getty
Image caption وریندر سہواگ نے 12 چوکوں اور آٹھ چھکّوں کی مدد سے 122 رنز بنائے

انڈین پریمیئر لیگ کے ساتویں سیزن میں جمعے کو کھیلے گئے آخری سیمی فائنل میچ میں کنگز الیون پنجاب نے چینئی سپر کنگز کو 24 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

آئی پی ایل کے اس سیزن کا فائنل میچ یکم جون بروز اتوار ممبئی میں کولکتہ نائٹ رائڈرز اور کنگز الیون پنجاب کے درمیان کھیلا جائے گا۔ کولکتہ کی ٹیم پہلے ہی فائنل میں پہنچ گئی تھی۔

پنجاب کے بلے باز وریندر سہواگ نے شاندار سنچری بنائی اور چینئی کو ایک بڑا ہدف دینے میں اہم رول ادا کیا۔

چینئی سپر کنگز کو جیتنے کے لیے 227 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن اس کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹ کے نقصان پر 202 رنز سکور کر پائی۔

چينئی کی طرف سے سریش رائنا نے اس بڑے ہدف کے تعاقب میں عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 12 چوکوں اور چھ چھکّوں کی مدد سے محض 25 گیندوں پر 87 رن سکور بنائے۔

ان کے رن آؤٹ ہوجانے کے بعد چینئی کی ٹیم لڑکھڑا گئی۔ روندر جڈیجہ نے 27 رن اور کپتان مہندر سنگھ دھونی 42 رنز سکور کر کے نمایاں رہے۔

پنجاب کے بولر پروندر رانا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ممبئی میں کھیلے گئے اس میچ میں چینئی سپر کنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور کنگز الیون پنجاب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں چھ وکٹ کے نقصان پر 226 رنز بنائے۔

اوپنر وریندر سہواگ نے صرف 58 گیندوں پر 12 چوکوں اور آٹھ چھکّوں کی مدد سے 122 رنز بنائے۔ انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ آئی پی ایل کے اس سیزن میں کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے یہ دوسری سنچری ہے۔

اس کے علاوہ پنجاب کی طرف سے مانو ووہرا نے 34 اور ڈیوڈ ملر نے 38 رنز سکور کیے۔

چینئی کی طرف سے آشیش نہرا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اتوار کو فائنل مقابلے کے ساتھ ہی آئی پی ایل کا ساتواں سیزن اپنے اختتام کو پہنچےگا۔

فائنل کھیلنے والی کولکتہ نائٹ رائڈرز کی ٹیم ایک بار آئی پی ایل جیت چکی ہے جب کہ پنجاب کی ٹیم پہلی بار فائنل کھیلے گی۔

کولکتہ نائٹ رائڈڑز کے مالکان میں سے اگر بالی وڈ کے اداکار شاہ رخ خان ہیں تو پنجاب کی ٹیم کے حصہ داروں میں اداکارہ پریٹی زنٹا شامل ہیں۔

اسی بارے میں