آج رونالڈو میدان میں اتریں گے

رونالڈو تصویر کے کاپی رائٹ AFP GETTY
Image caption رونالڈو گذشتہ کئی ہفتوں سے اسی سوال پر خبروں میں ہیں کہ آیا وہ ورلڈ کپ میں حصہ لے پائیں گے یا نہیں

ورلڈ کپ کے پانچویں روز پیر کو تین میچ کھیلے جائیں گے اور پہلے میچ میں ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیم جرمنی کا مقابلہ پرتگال سے ہوگا۔

پرتگال کے کپتان کرستیانو رونالڈو کے بارے میں امید کی جا رہی ہے کہ وہ بائیں گھٹنے میں تکلیف کے باوجود اس میچ میں کھیلیں گے۔

رونالڈو گذشتہ کئی ہفتوں سے اسی سوال پر خبروں میں ہیں کہ آیا وہ ورلڈ کپ میں حصہ لے پائیں گے یا نہیں۔

فیفا کی طرف سے سال کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے رونالڈو کو گذشتہ سیزن سے فٹنس کے معمولی مسائل کا سامنا رہا ہے۔ تاہم ان مسائل کے باوجود رونالڈو نے اپنے کلب ریال میڈرڈ کی طرف سے چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں گول کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلوائی تھی۔

ورلڈ کپ میں پرتگالی ٹیم کی کارکردگی کا دار و مدار بڑی حد تک کرستیانو رونالڈو پر ہے۔اس بات کا اندازہ رونالڈو کی ورلڈکپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں سوئیڈن کے خلاف میچ سے بھی لگایا جا سکتا ہے جس میں انھوں نے اکیلے پرتگال کو فتح دلوائی جس کی بنیاد پر پرتگال ورلڈ کپ کھیلنے کا اہل ہوا۔

اس کے علاوہ رونالڈو کی پچھلے سیزن میں ریال میڈرڈ کی طرف سے کھیلتے ہوئے کارکردگی بھی بہت اچھی رہی ہے۔ اس سیزن میں انھوں نے 55 گول کیے ہیں۔

جرمنی کے فلپ لہم اور مینوئل نیور بھی اس ورلڈ کب سے قبل زخمی ہوئے تھے لیکن اب وہ اس میچ میں حصہ لیں گے۔

ان دونوں ٹیموں کے درمیان ماضی میں 17 میچ کھیلے گئے ہیں جن میں سے پرتگال کو صرف تین میں کامیابی حاصل ہوئی، نو میں شکست اور پانچ میچ برابر ہوئے۔

جرمنی نے پرتگال کو چار اہم ٹورنامنٹوں میں شکست دی ہے جن میں 2006 کا ورلڈ کپ، یورو 2008 اور یورو 2012 شامل ہیں۔

دن کا دوسرا میچ ایران اور نائجیریا کے درمیان ہوگا۔ اس سے قبل یہ دونوں ٹیمیں ہانگ کانگ میں جنوری 1998 میں ایک دوستانہ میچ میں مدمقابل ہوئی تھیں جسے نائجیریان نے 1 - 0 سے جیت لیا تھا۔

دن کا آخری میچ گھانا اور امریکہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں