بھارت نے میچ اور سیریز جیت لی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پہلا میچ بھی بارش سے متاثر ہوا تھا جس میں بھارت نے سات وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی

بنگلہ دیش میں جاری تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں بھارت نے سٹیورٹ بنّی کی بہترین گیند بازی کی بدولت دو صفر کی ناقابل تسخیر سبقت حاصل کر لی ہے۔

بھارت نے دوسرے ون ڈے میں بنگلہ دیش کو 47 رنز سے شکست دی ہے۔ یہ ایک انتہائی کم سکور والا میچ ثابت ہوا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

بھارت نے بنگلہ دیش کے سامنے جیت کے لیے 106 رنز کا ہدف رکھا تھا لیکن بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 17.4 اوورز میں صرف 58 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

بارش کی وجہ سے میچ 41 - 41 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔

بھارت کی جیت میں سٹیورٹ بنّي نے ریکارڈ ساز بولنگ کرتے ہوئے نمایاں کردار ادا کیا۔ انھوں نے 4.4 اوورز میں محض چار رنز دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں۔ باقی ماندہ چاروں وکٹیں موہت شرما نے 22 رنز کے عوض لے لیں۔

واضح رہے کہ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں سٹیورٹ بنّی کی بولنگ بھارت کی بہترین کارکردگی ہے۔

اس سے قبل بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور بھارت کی پوری ٹیم 25.3 اوورز میں 105 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption سٹیورٹ بنّی نے بھارت کی جانب سے ایک روزہ میچوں میں بہترین بولنگ کارکردگی کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے

بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ 27 رنز کپتان سریش رائنا نے بنائے جبکہ رابن اتھپّا نے 14، پجارا نے 11 اور امیش یادو نے 17 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے پہلا میچ کھیلنے والے تسکین احمد نے آٹھ اوورز میں 28 رنز کے عوض پانچ وکٹیں لیں۔

اس میچ میں ان کے علاوہ متھن علی کو بھی پہلی بار کھیلنے کا موقع ملا تھا اور انھوں نے بھی بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے زیادہ 26 رنز بنائے۔

ان کے علاوہ مشفق الرحیم نے 11 رنز بنائے۔ ان دونوں کے علاوہ بنگلہ دیش کا کوئی بھی کھلاڑی دو ہندسوں کے سکور میں نہیں پہنچ سکا۔

سٹیورٹ بنّی کو ان کی بہترین کارکردگی کے لیے مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔

آخری میچ 19 جون کو کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں