پورٹ آف سپین: ویسٹ انڈیز کی برتری 166 رنز

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption منگل کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا

پورٹ آف سپین میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 73 رنز بنائے ہیں۔

دوسرے دن کھیل کے اختتام پر ٹام لیتھم اور کین ولیم سن کریز پر موجود تھے اور دونوں نے بالترتیب 30 اور 38 رنز بنائے تھے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

نیوزی لینڈ کو ویسٹ انڈیز کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 166 رنز کی ضرورت ہے اور دوسری اننگز میں اس کی نو وکٹیں باقی ہیں۔

اس سے پہلے ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 460 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

ویسٹ انڈیز کی اننگز کی خاص بات کریگ بریتھ وائٹ اور ڈیرن براوو کی شاندار سنچریاں تھیں۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کریگ بریتھ وائٹ نے 13 چوکوں کی مدد سے 129 جبکہ ڈیرن براوو نے 11 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 109 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے اش سودھی نے چار جبکہ ٹرینٹ بولٹ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

منگل کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 221 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی اور اس کے چھ بلے بازوں کا سکور دوہرے ہندسے تک نہیں پہنچ پایا تھا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں ٹام لیتھم نے 82 جبکہ راس ٹیلر نے 45 رنز بنائے۔

تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں نیوزی لینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

کنگسٹن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیر کو 186 رنز سے شکست دی تھی۔

اسی بارے میں