فٹبال ورلڈ کپ:دلچسپ مقابلے کے بعد کولمبیا کی فتح

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption کولمبیا کے کوئنٹیرو نے دوسرا گول کر کے کولمبیا کی برتری دگنی کردی جو میچ کے اختتام تک قائم رہی

فٹبال ورلڈ کپ کے گروپ سی میں جمعرات کو آئیوری کوسٹ اور کولمبیا کے مابین کھیلے گئے میچ میں دلچسپ اور تیز کھیل کے بعد بالاخر جیت کولمبیا کی ہوئی۔

لاطینی امریکی ملک نے اپنے افریقی مدِمقابل کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔

پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے تیز کھیل پیش کیا لیکن میچ شروع ہونے سے کچھ دیر قبل گراؤنڈ میں گھاس کو پانی دینے کی وجہ سے گیند کے پھسلنے کی شرح زیادہ رہی۔

کولمبیا کی ٹیم متحرک دکھائی لیکن پہلے ہاف میں وہ افریقی کھلاڑیوں کی تیزی کا پوری طرح مقابلہ نہ کر پائی۔

کولمبین کھلاڑی مخالف ٹیم کے سٹار سٹرائیکر یایا ٹورے کو روکنے میں مسلسل ناکام رہے اور ٹورے نے لگاتار تین بار کولمبیا کے دفاع کو چکمہ دیا لیکن اس سب کے وجود آئیوری کوسٹ گول کرنے میں ناکام رہی۔

مخالف ٹیم کے ٹوئفیلو گوتیرز کو پہلے ہاف کے 28ویں منٹ میں گول کرنے کا سنہری موقع ملا مگر وہ بھی اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔

میچ پہلے ہاف کے اختتام پر بغیر کسی گول کے برابر تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ٹورے نے لگاتار تین بار کولمبیا کے دفاع کو چکمہ دیا

دوسرے ہاف کے آغاز سے ہی کھیل میں آنے والی تیزی کا نتیجہ کولمبیا کے گول کی صورت میں نکلا جب جیمز رودریگز نے 64 ویں منٹ میں بوباکار بیری کی کارنر کک پر خوبصورت ہیڈر سے گول کر کے کولمبیا کو میچ میں ایک گول کی برتری دلوا دی۔

آئیوری کوسٹ ابھی اس جھٹکے سے سنبھل ہی نہیں پائی تھی کہ کوئنٹیرو نے دوسرا گول کر کے کولمبیا کی برتری دگنی کردی۔

تاہم دو گول کے خسارے میں جانے کے باوجود اگول کے بعد آئیوری کوسٹ کے کھلاڑیوں نے ہمت نہ ہاری اور اپنے حملے جاری رکھے۔

ان مسلسل کوششوں کا نتیجہ 74ویں منٹ میں جروینیو کے گول کی صورت میں نکلا۔

خسارہ آدھا کرنے کے بعد آئیوری کوسٹ نے کھیل کے آخری لمحات میں گول کرنے کی مزید کئی کوششیں کیں لیکن ان میں کامیاب نہ ہو سکے۔

اس فتح کے نتیجے میں کولمبیا کی ٹیم اب گروپ سی میں سرفہرست آ گئی ہے۔

اسی بارے میں