ورلڈ کپ: انگلینڈ اور یوروگوائے کے مابین بقا کی جنگ

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption ماہرین نے انگلش ٹیم کے کوچ کو رونی کو ان کی روایتی درمیانی پوزیشن میں کھلانے پر زور دیا ہے

برازیل میں فٹبال ورلڈکپ کے دوران جمعرات کو جہاں بڑے میچ میں انگلینڈ اور یوروگوائے کی ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی وہیں کولمبیا کا مقابلہ آئیوری کوسٹ سے اور جاپان کا یونان سے ہوگا۔

انگلینڈ اور یوروگوائے دونوں اپنے گروپ میں ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں لیکن فتح کا ذائقہ چکھنے سے محروم رہی ہیں۔

انگلینڈ کو اپنے پہلے میچ میں اٹلی کے ہاتھوں جبکہ یوروگوائے کو کوسٹاریکا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

میچ سے قبل انگلینڈ کے مینیجر رائے ہاجسن کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم آج کے میچ میں جارحانہ رویہ اپنائے گی اور ہتھیار نہیں ڈالے گی۔

واضح رہے کہ اس میچ میں یوروگوائے کے سٹار کھلاڑی لوئس سواریز بھی کھیلیں گے جو پچھلے میچ میں زخمی ہونے کی وجہ سے شریک نہیں ہوسکے تھے۔

دوسری طرف انگلینڈ کے سٹرائیکر ویئن رونی جنھوں نے کسی بھی ورلڈکپ میچ میں انگلینڈ کی طرف سے کوئی گول نہیں کیا، اس میچ میں اپنی روایتی درمیانی پوزیشن میں کھیلیں گے۔

رونی کو گذشتہ میچ میں غیر اطمینان بخش کارکردگی کی وجہ سے شائقین سے تنقید کا سامنا تھا جبکہ ماہرین نے کوچ ہاجسن کو رونی کو ان کی روایتی درمیانی پوزیشن میں کھلانے پر زور دیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption اس میچ میں یوروگوائے کے سٹار کھلاڑی لوئس سواریز بھی کھیلیں گے

یہ میچ گروپ ڈی کی ان دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

انگلینڈ اس میچ میں ہار کی صورت میں 56 سال میں پہلی بار ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ میں ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گا جبکہ یوروگوائے کو بھی ٹورنامنٹ میں اپنی بقا کے لیے یہ میچ لازمی جیتنا ہوگا۔

جمعرات کو دیگر میچوں میں کولمبیا کا مقابلہ آئیوری کوسٹ سے ہوگا۔

کولمبیا کو اس میچ میں ان کے اٹیک کرنے والے کھلاڑی کارلوس بیکا کا ساتھ حاصل نہیں ہوگا جن کی جگہ یونان کے خلاف میچ میں سکور کرنے والےگٹیریز لے سکتے ہیں۔

آئیوری کوسٹ کا انحصار ڈیڈیئر ڈروگبا پر ہوگا جنھوں نے اپنی ٹیم کی جاپان کے خلاف فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

دونوں ٹیموں کا یہ کسی بھی ٹورنامنٹ میں آپس میں یہ پہلا میچ ہوگا۔

دن کے آخری میچ میں جاپان کا مقابلہ یونان سے ہوگا۔ دونوں ٹیمیں اپنے پہلے میچ ہار چکی ہیں اور اس میچ میں ہارنے والی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائےگی۔

اسی بارے میں