ہالینڈ وین پرسی کے ساتھ میدان میں

وین پرسی تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption وین پرسی اتوار کو میکسیکو کے خلف اپنی ٹیم کو لر کر میدان میں اتریں گے

ورلڈ کپ میں اتوار کو پہلے میچ میں ہالینڈ اور میکسیکو جبکہ دوسرے میچ میں کوسٹاریکا اور یونان مدِ مقابل ہوں گے۔

ہالینڈ کے کپتان روبن وین پرسی ایک میچ کی پابندی کے باعث چلی کے خلاف آخری گروپ میچ نہیں کھیل سکے تھے لیکن اس اہم ناک آؤٹ میچ کے لیے وہ ٹیم کی کپتانی کریں گے۔

ہالینڈ کی ٹیم نے اپنے گروپ کے تینوں میچ جیتے ہیں اور اب تک کل دس گول کیے ہیں۔

میکسیکو نے گروپ مرحلے میں دو میچ جیتے تھے اور ایک برابر ہوا تھا۔ میکسیکو کے خلاف صرف ایک گول ہوا ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان کھیلے جانے والے آخری چار میچوں میں میکسیکو کو تین میں شکست ہوئی اور ایک میچ برابر ہوا۔

اس سے پہلے یہ ٹیمیں سنہ 1998 کے ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں مدِمقابل ہوئی تھیں جس میں میکسیکو نے آخری 15 منٹ میں 2 - 0 کے خسارے سے نکل کر میچ 2 - 2 سے برابر کر دیا تھا۔

ہالینڈ نے اپنے آخری دس ورلڈ کپ میچوں میں سے نو میں کامیابی حاصل کی ہے اور آخری بار وہ سنہ 2010 کے فائنل میں سپین سے ہارا تھا۔

اتوار کو دوسرا میچ یونان اور کوسٹاریکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یونان کے خلاف میچ میں کوسٹاریکا کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

کوسٹاریکا نے اس ورلڈ کپ میں اپنی کارکردگی سے سب کو حیران کر دیا ہے اور اپنے گروپ میں سات پوائنٹس حاصل کر کے سر فہرست رہا۔

تین گروپ میچوں میں مخالف ٹیمیں کوسٹاریکا کے خلاف صرف ایک گول کر سکیں۔

خیال رہے کے کوسٹاریکا کے گروپ میں تین سابق ورلڈ چیمیپئن انگلینڈ، اٹلی اور یوروگوائے تھے۔

یونان اور کوسٹاریکا کی ٹیمیں اس سے پہلے کبھی ایک دوسرے کے خلاف نہیں کھیلی ہیں اور اس میچ میں جو بھی جیتے گا وہ اپنا پہلا کوارٹر فائنل کھیلے گا۔

ناک آؤٹ مرحلے کے پہلے دن برازیل نے چلی کو پینالٹی شوٹ آوٹ پر3 - 2 سے شکست دی جبکہ کولمبیا نے یوروگوائے کو 2 - 0 سے شکست دی تھی۔

اسی بارے میں