بارسلونا سواریز کو خریدنے کے لیے تیار

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption برطانوی کلب لیورپول نے 2011 میں سواریز کو ہالینڈ کے کلب ایجکس سے دو کروڑ پاؤنڈ میں خریدا تھا۔

ہسپانوی کلب بارسلونا منگل سے برطانوی کلب لیورپول سے تعلق رکھنے والے سٹرائیکر لوئس سواریز کو خریدنے کے لیے باضابطہ طور پر بات چیت لندن میں شروع کر رہا ہے۔

اس بات چیت میں دونوں کلبوں کے نمائندے 27 سالہ سواریز کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ سواریز کا لیورپول سے معاہدہ ختم ہونے میں ابھی چار سال کا وقت باقی ہے۔

اطلاعات کے مطابق بارسلونا سواریز کو چھ کروڑ پاونڈ میں لیورپول سے خریدے گا۔ تاہم لیورپول سواریز کے لیے آٹھ کروڑ پاؤنڈ کی رقم کی توقع رکھتا ہے۔

برطانوی کلب لیورپول نے 2011 میں سواریز کو ہالینڈ کے کلب آئیکس سے دو کروڑ پاؤنڈ میں خریدا تھا۔

بارسلونا معاہدے کے تحت ہونے والی رقوم کے ساتھ ساتھ اپنے ونگر ایلکسس سانچز کو بھی لیورپول ٹرانسفر کرے گا۔ تاہم چلی سے تعلق رکھنے والے سانچز اس ٹرانسفر سے خوش ہوں گے یا نہیں، اس بات کا پتہ ابھی نہیں چلا۔

یاد رہے کہ یوروگوائے سے تعلق رکھنے والے متنازع لیکن باصلاحیت کھلاڑی سواریز کو گذشتہ ہفتے ورلڈ کپ فٹبال کے میچ میں اطالوی کھلاڑی جورجیو چیلینی کو کاٹنے کی پاداش میں نو میچوں کی پابندی اور چار ماہ تک فٹبال کی کسی بھی سرگرمی سے دور رہنے کی سزا دی گئی ہے۔

فیفا کی طرف سے عائد کی جانے والی یہ پابندی فٹبال کی تاریخ میں سب سے زیادہ اور سخت پابندی ہے۔

سواریز نے اس واقعے کے فوراً بعد اس کی تردید کی تھی اور اسے بے بنیاد قرار دیا تھا۔ انھوں نے پیر کے روز اس کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے مداحوں اور فٹبال کی دنیا سے معافی مانگی اور کہا کہ دوبارہ ایسا نہیں ہوگا۔

کروئیشیا سے تعلق رکھنے والے مڈفیلڈر ایوان راکیٹچ نے، جو کہ گذشتہ ہفتے ہسپانوی کلب سیولا سے بارسلونا ٹرانسفر ہوئے ہیں، سواریز کے معافی نامے کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’سواریز کے دنیا کے سامنے غلطی قبول کرنے اور معافی مانگنے سے پتہ چلتا ہے کہ وہ کس قدر مضبوط شخصیت کے مالک ہیں۔ ہر کسی میں یہ ہمت نہیں ہوتی۔‘

اس سزا کے بعد سواریز کو سپانسر کرنے والی کمپنی 888 پوکر نے اپنی سپانسر شپ فوری طور پر منسوخ کر دی تھی اور سواریز کے جوتے سپانسر کرنے والی سپورٹس کمپنی ایڈیڈس نے بھی بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سواریز کے ساتھ معاہدے کی نظرثانی کریں گے۔

مبصرین کے مطابق واقعے کے بعد سواریز کی گرتی ساکھ کو بچانے اور ٹرانسفر کو آسان کرنے کی خاطر ہسپانوی کلب بارسلونا نے ان سے معافی مانگنے پر دباؤ ڈالا تھا۔

اسی بارے میں