گول نہیں تو ٹیٹو ہی سہی

ماؤریسیو اپنی اس شاٹ کو اپنے بازو پر ٹیٹو کرانے جا رہے ہیں تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ماؤریسیو اس شاٹ کو اپنے بازو پر ٹیٹو کرانے جا رہے ہیں

گول نہیں تو ٹیٹو ہی سہی

بیشتر کھلاڑی ایک ایسی شاٹ کو بھول جانا چاہیں گے جو گول کے کراس بار سے ٹکرا کر واپس آ گیا ہو اور اس کی وجہ سے اس کی ٹیم ورلڈ کپ سے خارج ہو گئی ہو لیکن چلی کے سٹرائیکر ماؤریسیو پینیلا اپنی اس شاٹ کو اپنے بازو پر ٹیٹو کرانے جا رہے ہیں۔

چلی کی ٹیم کی جانب سے انھوں نے برازیل کے خلاف کھیل کے آخری لمحوں میں یہ شاٹ لگائی تھی۔ اس ٹیٹو میں یہ دکھایا جائے گا کہ فٹبال نے برازیل کے گول کیپر ژولیو سیزر کو تو چکمہ دے دیا لیکن گیند کراس بار سے ٹکرا گئی۔ اس ٹیٹو کے نیچے ’سربلندی سے ایک سینٹی میٹر دور‘ کندہ ہوگا۔

اس بات کا قوی امکان ہے کہ اگر بال کراس بار سے ٹکرا کر واپس نہ آئی ہوتی تو برازیل ہار جاتا اور ورلڈ کپ کا رخ تبدیل ہو جاتا۔ اگر چلی کے سٹرائیکر اسے اپنے جسم پر بطور یاد گار رکھیں تو اس میں کوئی حیرت کی بات نہیں۔

میدان میں ’سپرمین‘ کی دراندازی

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption سپرمین کے لباس میں ملبوس فیری کی شرٹ پر دو پیغامات ’کچی آبادی کے بچوں کو بچاؤ‘ اور ’سائرس زندہ‘ لکھے تھے

برازیل کے ارینا فونٹے نووا کے میدان میں منگل کو امریکہ اور بیلجیئم کے درمیان ہونے والے میچ کے پہلے نصف میں جو شخص ایک منٹ سے زیادہ وقفے کے لیے میدان میں گھس آیا تھا وہ اپنے اس عمل کے لیے عالمی طور پر معروف ہو گیا ہے۔ اس کا نام ماریو فیری ہے، وہ 27 سال کا ہے اور اٹلی کا شہری ہے۔ اسے میدان میں حملہ آور ہونے کا مجرم قرار دیا گیا ہے۔

وہ سٹیڈیم میں معذور لوگوں کے لیے مخصوص مقام سے ویل چیئر پر بیٹھ کر میچ دیکھ رہا تھا۔ اچانک وہ اٹھ کھڑا ہوا اور دوڑتا ہوا میدان میں داخل ہو گیا پھر سکیورٹی نے فوراۙ اسے وہاں سے ہٹا دیا۔ سپرمین کے لباس میں ملبوس فیری کی شرٹ پر دو پیغامات ’کچی آبادی کے بچوں کو بچاؤ‘ اور ’سائرس زندہ‘ لکھے تھے۔ اب فیری پر فریب کا مقدمہ دائر کیا جائے گا کیونکہ معذور نہ ہونے کے باوجود اس نے معذور ہونے کا ڈھونگ رچایا تھا۔

سیلفی میں پکڑے گئے

ارجنٹائن کے ریزرو گول کیپر آگوستین اوریون سے بھی ایک سیلفی جاری کرنے کی غلطی ہو گئی۔ ان سے قبل کئی کھلاڑیوں سے ایسی غلطی ہو چکی ہے۔ کھلاڑیوں کے لاکر روم کی ایک سیلفی میں اوریون نے میسی، ماسچیرانو اور ڈی ماریا جیسے کھلاڑیوں کے ساتھ اپنی تصویر پوسٹ کی۔ لیکن ان تصویروں میں ایک تصویر ایسی بھی ہے جس میں ایک شخص کسی کونے میں برہنہ نظر آ رہا ہے۔ بعض انٹرنیٹ ماہرین کے خیال میں وہ پاؤل سبالیتا ہیں۔

اس تصویر کو ڈیلیٹ کر دیا گیا ہے تاہم سماجی رابطے کی سائٹوں پر وہ اب بھی موجود ہے اور لوگ اس کا مذاق اڑا رہے ہیں۔

اسی بارے میں