ورلڈ کپ: جرمنی لگاتار چوتھی مرتبہ سیمی فائنل میں پہنچ گیا

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption میٹس ہملز نے کروس کی فری کک پر گیند خوبصورت ہیڈر سےگول کیا

جرمنی نے برازیل میں جاری فٹبال ورلڈ کپ کے پہلے کوارٹر فائنل میں جرمنی نے فرانس کو ایک گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

جرمنی کی ٹیم چوتھی مرتبہ ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچی ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔

فٹبال کا 20واں عالمی میلہ: خصوصی ضمیمہ

ریو ڈی جنیرو کے ماراکانا سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں آغاز سے ہی جرمن ٹیم کا پلا بھاری رہا اور اس نےگیند زیادہ عرصے اپنے قبضے میں رکھی۔

میچ کے ابتدائی دس منٹ میں جرمن کھلاڑیوں نے کئی اچھی مووز تو بنائیں لیکن وہ فرانسیسی گول کیپر کو پریشان نہ کر سکے۔

تاہم 13ویں منٹ میں جرمنی نے اس وقت برتری حاصل کر لی جب اس میچ کے لیے شامل کیے جانے والے میٹس ہملز نے کروس کی فری کک پر گیند خوبصورت ہیڈر سے فرانسیسی گول میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو برتری دلوا دی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption فرانسیسی ٹیم ایک گول کا خسارہ ختم کرنے میں ناکام رہی

خسارے میں جانے کے بعد فرانسیسی ٹیم نے بہتر اور جارحانہ کھیل پیش کیا اور انھیں گول کرنے کے کئی اچھے مواقع ملے لیکن ان سے فائدہ نہ اٹھایا جا سکا۔

پہلے ہاف کے خاتمے پر جرمن ٹیم کی برتری برقرار رہی۔

دوسرے ہاف میں فرانس نے جارحانہ کھیل جاری رکھا لیکن جرمن کیپر مینوئل نوئر نے فرانسیسی فارورڈز کی ایک نہ چلنے دی اور گول نہ ہونے دیا۔

میچ کے آخری لمحات میں بھی فرانس کو گول کرنے کا موقع ملا لیکن کریم بینزیما کی شاٹ کیپر نے عمدگی سے روک لی۔

اس فتح کے نتیجے میں اب سیمی فائنل میں جرمنی کا مقابلہ جمعے کو برازیل اور کولمبیا کے مابین ہونے والے دوسرے کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔

اسی بارے میں