آج جرمنی، فرانس، برازیل، کولمبیا میدان میں اتریں گے

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption فرانس کی ٹیم کی جیت کا انحصار سٹرائیکر کریم بنزیما اور مڈفیلڈر پاؤل پوگبا کی کارکردگی پر ہو گا

برازیل میں جاری فٹبال ورلڈ کپ 2014 میں ایک دن کے آرام کے بعد آج سے کوارٹر فائنلز کا مرحلہ شروع ہو رہا ہے۔

جمعے سے شروع ہونے والے کوارٹر فائنلز کے سلسلے میں آج دو میچ کھیلے جائیں گے۔

پہلے کوارٹر فائنل میں فٹبال کی دو سابق فاتح ٹیمیں فرانس اور جرمنی کا مقابلہ ہو گا۔

فرانس اور جرمنی کے مابین ورلڈ کپ کا پہلا کوارٹر فائنل جمعے کو برطانوی وقت کے مطابق شام پانچ بجے کھیلا جائے گا۔

فرانس کی ٹیم کی جیت کا انحصار سٹرائیکر کریم بنزیما اور مڈفیلڈر پاؤل پوگبا کی کارکردگی پر ہو گا۔

جرمنی کی ٹیم ہمیشہ ایک سخت جان حریف کے طور پر میدان میں اترتی ہے۔

جرمنی کے کوارٹر فائنل تک پہنچنےمیں ٹامس مولر اور گول کیپر مینوئل نوئیر نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

دوسرے کوارٹر فائنل میں پانچ بار کی فاتح ٹیم برازیل اور کولمبیا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

برازیل اور کولمبیا کے مابین ورلڈ کپ کا دوسرا کوارٹر فائنل جمعے کو فورٹیزیلا میں برطانوی وقت کے مطابق رات نو بجے کھیلا جائے گا۔

برازیل اس ٹورنامنٹ میں ابھی تک نیمار کے سہارے آگے بڑھ رہا ہے اور آج کے اس اہم میچ میں ان سے بہت سی توقعات ہیں۔

برازیل کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے کولمبیا کو ہرانا ہوگا۔

کولمبیا کی ٹیم میں جیمز روڈریگز شامل ہیں جو ابھی تک ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ گول سکور کر چکے ہیں۔

اس سے قبل برازیلی فٹبالر نیمار نے کہا تھا کہ وہ جمعے کو فٹبال ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں کولمبیا کا سامنا کرنے کے لیے ذہنی اور جسمانی طور پر تیار ہیں۔

ٹیریسوپولس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ میچ آسان نہیں ہوگا اور لوگوں کو زیادہ گولوں کی توقع نہیں کرنی چاہیے۔

چلی کے خلاف پری کوارٹر فائنل میں نیمار کے گھٹنے اور ران پر چوٹ لگی تھی تاہم جمعرات کو انھوں نے کہا تھا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں۔

برازیل نے ٹورنامنٹ میں اب تک صرف آٹھ گول کیے ہیں جن میں سے چار نیمار نے کیے۔

خیال رہے کہ اس ٹورنامنٹ میں برازیلی ٹیم اب تک وہ کارکردگی نہیں دکھا پائی جس کی اس سے توقع کی جا رہی تھی۔

اسی بارے میں