ارجنٹائن کے دی ماریا سیمی فائنل سے باہر

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption بدھ کو ارجنٹائن اور ہالینڈ کے درمیان عالمی فٹبال کپ سنہ 2014 کا دوسرا سیمی فائنل ہوگا

برازیل میں جاری فٹبال کے ورلڈ کپ مقابلوں میں ارجنٹائن کے مڈفیلڈر انخیل دی ماریا سنیچر کو بیلجیئم کے خلاف کوارٹر فائنل میں زخمی ہونے کے بعد بدھ کو ہالینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

انخیل دی ماریا ریال میڈرڈ کے کھلاڑی ہیں۔ انھیں سنیچر کو برازیلیا میں ہالینڈ کے خلاف کک لگاتے ہوئے زخمی ہونے کے بعد میچ کے 33ویں منٹ میں میدان سے باہر بلایا گیا تھا اور ان کی جگہ دوسرے کھلاڑی اینسو پیریس کو بھیج دیا گیا تھا۔

ریال میڈرڈ کلب کے لیے کھیلنے والے 26 سالہ دی ماریا کا اتوار کو معائنہ کیا گیا جس کی بعد اس کی تصدیق کی گئی کہ وہ ران میں تکلیف کی وجہ سے ہالینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں شرکت نہیں کر پائیں گے۔

عالمی کپ کے آخری 16 ٹیموں کے درمیان مقابلوں میں دی ماریا نے سوئٹزرلینڈ کے خلاف فیصلہ کن گول کیا تھا۔ اگر ارجنٹائن فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو دی ماریا اتوار کو کھیلے جانے والے عالمی کپ کے فائنل میچ کے لیے دستیاب ہوں گے۔

ادھر مانچسٹر سٹی کلب کے لیے کھیلنے والے ارجنٹائن ٹیم کے کھلاڑی سرخیو آگویرو تربیت کے لیے واپس آ گئے ہیں اور انھوں نے اپنے آپ کو سلیکشن کے لیے فٹ قرار دیا ہے۔

گروپ سٹیج میں میچوں کے دوران وہ نائجیریا کے خلاف کھیلتے ہوئے زخمی ہوئے تھے جس کے بعد انھوں نے کوئی میچ نہیں کھیلا۔

سنیچر کو بیلجیئم کو شکست دینے کے بعد فٹبال کے ورلڈ کپ مقابلوں کا سیمی فائنل کھیلنے کے لیے ارجنٹائن کا 24 برس کا انتظار اپنے اختتام کو پہنچ گیا اور جنوبی امریکی ٹیم 1990 کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ کی آخری چار ٹیموں میں شامل ہوگئی۔

ارجنٹائن نے اپنا آخری سیمی فائنل 1990 میں اٹلی میں ہونے والے ورلڈ کپ میں کھیلا تھا اورگذشتہ دو ورلڈ کپ مقابلوں میں وہ کوارٹر فائنل کے مرحلے میں ہی باہر ہو گئی تھی۔

اب بدھ کو ارجنٹائن اور ہالینڈ کے درمیان عالمی فٹبال کپ سنہ 2014 کا دوسرا سیمی فائنل ہوگا جو ساؤ پاؤلو میں کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں