ارجنٹائن پنلٹی شوٹ آؤٹ میں جیت کر ورلڈ کپ فائنل میں

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ارجنٹائن کے گول کیپر سرجیو رمیرو دو پنلٹیز روک کر اپنی ٹیم کی فائنل تک رسائی کی وجہ بنے

برازیل میں 2014 کے فٹبال ورلڈ کپ میں ارجنٹائن نے ہالینڈ کو دو کے مقابلے میں چارگول سے شکست دے کر 24 برس بعد فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

مقررہ اور اضافی وقت میں میچ بغیر کسی گول کے برابر رہنے کے بعد دوسرے فائنلسٹ کا فیصلہ پنلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔

برازیل میں فٹبال کا 20واں عالمی میلہ

تیرہ جولائی کو ریو ڈی جنیرو کے ماراکانا سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فائنل میں کا مقابلہ جرمنی سے ہوگا جس نے منگل کو میزبان برازیل کو چھ گول سے ہرایا تھا۔

ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں ہونے والی گولوں کی بارش کے برعکس بدھ کی شام ساؤ پاؤلو میں ارجنٹائن اور ہالینڈ کا مقابلہ مقررہ وقت میں بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

اس میچ کے آغاز میں دونوں ٹیموں نے محتاط کھیل کا مظاہرہ کیا اور پہلے ہاف کے کھیل میں دونوں جانب سےگول کرنے کی کوئی قابلِ ذکر کوشش دکھائی نہیں دی۔

ہالینڈ کے دفاعی کھلاڑیوں نے جہاں ارجنٹائن کے لیونیل میسی کو گھیرے رکھا اور انھیں کھل کر کھیلنے نہیں دیا وہیں ارجنٹائن کے دفاعی کھلاڑی میشارانو آئن روبن پر توجہ مرکوز کیے دکھائی دیے۔

پہلے ہاف میں فریقین کے دفاعی انداز کی وجہ سے کھیل کی رفتار بھی سست رہی جس پر کھلاڑیوں کو تماشائیوں کی ہوٹنگ کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Other
Image caption میسی نے ہالینڈ کے خلاف پنلٹی پر پہلا گول کیا

اس ہاف کے اختتام پر میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا اور دوسرے ہاف میں بھی صورتحال میں کوئی تبدیلی نہ آئی۔

مقررہ وقت کے دوسرے ہاف کے دوران ارجنٹائن کو گول کرنے کا پہلا واضح موقع 74ویں منٹ میں ملا تاہم ہیگوائن نہ صرف آف سائیڈ تھے بلکہ ان کا نشانہ بھی چوک گیا۔

ہیگوائن کی کوشش کے کچھ ہی دیر بعد ارجنٹائن کے کوچ نے انھیں باہر بلا کر کوارٹر فائنل میچ میں زخمی ہونے کی وجہ سے نہ کھیلنے والے سرجیو اگویئروکو میدان میں اتارا لیکن وہ بھی مقررہ وقت کے اختتام تک اپنی ٹیم کو برتری دلوانے میں ناکام رہے۔

مقررہ وقت کے آخری لمحات میں ارجنٹائن کے دفاعی کھلاڑی میشارانو کے آئن رابن کے یقینی گول کو روک کر ہالینڈ کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

اضافی وقت میں بھی دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں اور اس دوران ارجنٹائن کو ہی دو بار گول کرنے کے مواقع ملا لیکن پہلے رودریگز پلاسیو کا کمزور ہیڈر کیپر نے باآسانی روک لیا اور پھر میکسی رودریگز کی کمزور کک بھی انھیں چکمہ دینے میں ناکام رہی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption روبن وین پرسی سیمی فائنل میں اپنے کوچ کے کام نہ آ سکے

اس کے بعد فاتح کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔

ارجنٹائن کے سرجیو رمیرو نے ہالینڈ کے ولار کی پہلی پنلٹی روکی جبکہ ارجنٹائن کی جانب سے میسی نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلوائی جسے اگلی پنلٹی پر رابن نے گول کر کے ختم کر دیا۔

گیرائے نے ارجنٹائن کی جانب سے دوسری پنلٹی پر گول کیا اور ایک بار پھر ارجنٹائن کو آگے کر دیا۔ ہالینڈ کے شنائیڈر بھی گول نہ کر سکے اور یوں ارجنٹائن کی برتری دو گول ہوگئی۔

اگوایرو نے ارجنٹائن اور کاؤت نے ہالینڈ کے لیے پنلٹی پر گول کیا اور پھر ارجنٹائن کی چوتھی پنلٹی پر جب میکسی رادریگز کی شاٹ گول میں گئی تو ارجنٹائن تقریباً ڈھائی دہائی بعد ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔

سیمی فائنل میں ہارنے کے بعد ہالینڈ کی ٹیم سنیچر کو تیسری اور چوتھی پوزیشن کے میچ میں برازیل کے مقابل ہو گی۔

اسی بارے میں