ورلڈ کپ فائنل کے لیے ریو میں سخت سکیورٹی انتظامات

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption فائنل کے موقعے سے ریو میں 25 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں

برازیل کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ اتوار کو ریو دی جنیرو میں ورلڈ کپ فائنل کے لیے شہر میں آج تک کے سب سے وسیع سکیورٹی آپریشن کا منصوبہ رکھتے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ جرمنی اور ارجنٹائن کے درمیان ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کے لیے پورے شہر میں 25 ہزار سے زیادہ سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

اس میچ کو دیکھنے کے لیے جرمنی کی چانسلر اینگیلا میرکل اور روسی صدر ولادیمیر پوتن بھی وہاں موجود ہوں گے۔

اطلاعات کے مطابق 75 ہزار فٹبال شائقین ریو کے میراکانا سٹیڈیم میں اس فائنل مقابلے کو دیکھنے کے لیے موجود ہوں گے۔

اس سکیورٹی آپریشن میں پولیس اور فوج کے جوانوں سمیت آگ بجھانے والے عملے بھی شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ شہر کے ساحل پر نگرانی کے لیے 25 آبی جہاز بھی تعینات ہوں گے۔

مقامی سینیئر سرکاری اہلکار میریانو بلٹرین نے کہا: ’اس شہر یا اس ملک میں ہونے والا یہ وسیع ترین سکیورٹی آپریشن ہوگا۔‘

’ہمیں اس بات کی یقین دہاني کرانی ہے کہ بقیہ میچوں کی طرح یہ میچ بھی بخیر و عافیت انجام پذیر ہو۔ ہم دنگ ہونے کے بجائے زیادہ سے زیادہ افراد کی تعیناتی کو بہتر سمجھتے ہیں۔‘

ریو میں بی بی سی کی نمائندہ جولیا کارنیرو کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد سٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کی تعداد کا ایک تہائی ہوگي۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC Brasil
Image caption فائنل دیکھنے کے لیے برازیل کے پڑوسی ملک ارجنٹائن سے کثیر تعداد میں شائقین کی آمد کی امید ظاہر کی جا رہی ہے اور جہاں وہ خیمہ زن ہیں وہاں سکیورٹی زیادہ ہے

ان علاقوں میں سکیورٹی انتظامات سخت ہوں گے جہاں ہزاروں کی تعداد میں ارجنٹائن باشندے خیموں میں ٹھہرے ہوئے ہیں۔

ہماری نامہ نگار کا کہنا ہے کہ فائنل کے موقعے پر پڑوسی ملک ارجنٹائن سے تقریباً 70 ہزار فٹبال پرستار برازیل میں موجود ہوں گے۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق فوج کے سربراہ جنرل جمیل مجید نے کہا: ’اتنے بڑے پیمانے پر سکیورٹی انتظامات اس لیے ہیں کہ وہاں فائنل میچ میں چند سربراہان مملکت ہوں گے۔‘

میچ سے قبل صدر پوتن اور چانسلر میرکل برازیل کی صدر روسیف کے ساتھ ظہرانہ میں شریک ہوں گي۔

واضح رہے کہ فٹبال کے آئندہ ورلڈ کپ کی میزبانی سنہ 2018 میں روس کر رہا ہے۔

اس ٹورنامنٹ میں تیسرے نمبر کے لیے سنیچر کو میچ دارالحکومت برازیلیا میں میزبان برازیل اور نیدرلینڈز کی ٹیموں کے درمیان ہو رہا ہے۔

اسی بارے میں