بھارتی بلے باز پھر ریت کی دیوار ثابت ہوئے

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption بھارت کے بلے باز انگلش بالرز کی باؤنس اور سوئنگ ہوتی ہوئی گیند کا بالکل سامنہ نہیں کرپائے

لندن کے تاریخی اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے پانچویں ٹیسٹ میں انگلینڈ نے بھارت کو ایک اننگز اور 244 رن سے شکست دے کر سیریز 3-1 سے جیت لی ہے۔

دوسری اننگز میں 94 کے سکور پر آؤٹ ہونے والے بھارتی بلے بازوں کی ناکامی میں انگلش بولروں کی جارحانہ بولنگ کے علاوہ ان کی اپنی سنگین غلطیاں بھی شامل تھیں

تیسرے دن بھارت نے جب اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو بھارتی بلے باز انگلش بولروں کے سامنے بالکل سنبھل نہیں پائے اور 19 اووز کے بعد صرف 46 کے سکور پر بھارت کے پانچ بلے باز پویلین کا راستہ دیکھ چکے تھے۔

انگلش بولر کرس جورڈن نےاس اننگز میں 4 اور مجموعی طور پر میچ میں 7 وکٹیں حاصل کیں۔

بھارت کی طرف سے صرف تین بلے باز دس رن سے ذیادہ کا سکور کر سکے۔ بھارت کے بلے باز انگلش بالرز کی باؤنس اور سوئنگ ہوتی ہوئی گیند کو سمجھنے میں بری طرح ناکام ہونے کے بعد 94 کے سکور پر ڈھیر ہوگئے۔

اس سے پہلے دونوں ٹیموں کے درمیا ن جاری پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز انگلینڈ نے بھارتی 149 کے جواب میں 486 رنز کا سکور کیا۔

تیسرے دن کا کھیل شروع ہوتے ہیں انگلینڈ کے بلے بازوں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 92 ناٹ آؤٹ پر اپنی اننگز جاری رکھنے والے جے روٹ نے بھارتی بولرز کے ساتھ کلب لیول کرکٹرز کی طرح کا سلوک کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption جیمز اینڈرسن نے پانچ میچوں میں 20.2 رن کی اوسط سے 25 وکٹیں حاصل کیں

بھارتی بولرز نے شارٹ بالنگ کی حکمتِ عملی اپنائی تاہم اوسطً 80 میل فی گھنٹے کی رفتار سے کی ہوئی بھارتی شارٹ پچ گیندیں انگلش بیٹسمینوں کو بالکل تنگ نہ کرسکیں۔

اس کے برعکس انھوں نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور انگلش بولر سٹوئرٹ براڈ نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے تیزی سے 37 رن بنائے۔

بروڈ کی وکٹ ایشانت شرما کے حصے میں آئی، جو روٹ 149 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ بھارت کی طرف سے ایشانت شرما نے 30 رن دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔

مین آف دی میچ کا اعزاز انگلینڈ کے جو روٹ کو دیا گیا جبکہ انگلش مین آف دی سیریز ٹرافی جیمز اینڈرسن نے حاصل کی۔ انھوں نے پانچ میچوں میں 20.2 رن کی اوسط سے 25 وکٹیں حاصل کیں۔

بھارت کی طرف سے بھونیشور کمار کو مین آف دی سیریز کا اعزاز ملا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والی چار ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 25 اگسٹ کو برسٹل میں کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں