نصف سنچریوں کی ففٹی، جے وردھنے کا ٹیسٹ کیریئر مکمل

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سری لنکا کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے کی فہرست میں جے وردھنے دوسرے نمبر پر ہیں

سری لنکا کے مایہ ناز بلے باز مہیلا جے وردھنے نے نصف سنچریوں کی ففٹی کے ساتھ اپنے ٹیسٹ کیریئر کا سفر مکمل کر لیا ہے۔

انھوں نے 149 ٹیسٹ میچوں میں 11814 رنز تقریباً پچاس کی اوسط سے بنائے جن میں 34 سنچریاں اور پچاس نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ان کا بہترین سکور 374 رنز تھا۔

جے وردھنے، خوبصورت کرکٹر نفیس انسان

کولمبو میں پاکستان کے خلاف اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلتے ہوئے مہیلا جے وردھنے نے 54 رنز بنائے اور سعید اجمل کی گیند پر احمد شہزاد کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔

جے وردھنے سری لنکا کے کامیاب ترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں۔ سری لنکا کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے کی فہرست میں وہ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ کمار سنگاکارا اس میں سرِفہرست ہیں۔

جے وردھنے نے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ 1997 میں بھارت کے خلاف کولمبو میں ہی کھیلا تھا اور کولمبو کے اسی گراؤنڈ سنہالیز سپورٹس کلب میں ہی اپنا آخری میچ کھیلا۔ اس گراؤنڈ پر مہیلا نے 27 ٹیسٹ ٹیچ کھیلے اور ان میں 74.89 کی اوسط سے 2921 رنز بنائے۔ کسی بھی بین الاقوامی کرکٹر کے کسی بھی ایک مخصوص گراؤنڈ پر یہ سب سے زیادہ رنز ہیں۔

بلے بازی میں شاید ان کی واحد کمزوری غیر ملکی دورے رہے۔ سری لنکا میں کھیلتے ہوئے ان کی بیٹنگ اوسط 60 سے زیادہ تھی جبکہ غیر ملکی دوروں پر یہ گر کی 35 کے قریب پہنچ جاتی ہے۔

مہیلا جے وردھنے ایک انتہائی کامیاب کپتان بھی رہے۔ ان کی قیادت میں سری لنکا نے ایک ورلڈ کپ فائنل بھی کھیلا۔

اسی بارے میں