فٹبال: پاکستان نے بھارت کو دو صفر سے شکست دے دی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption یہ میچ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ سیریز کا حصہ ہیں جو نو سال میں پہلی مرتبہ کھیلی جا رہی ہے

بھارت کے شہر بنگلور میں کھیلے جانے والے دو فٹبال میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے بھارت کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکت دے دی ہے۔

پاکستان کی جانب سے کپتان کلیم اللہ اور مڈ فیلڈر صدام حسین نے گول کیے۔ اس میچ میں پاکستانی گول کیپر مزمل حسین کی کارکردگی بھی عمدہ رہی اور انھوں نے بھارت کے متعدد حملے ناکام بنائے۔

کلیم اللہ نے میچ کے 38 ویں منٹ میں ایک فری کک پر گول کیا جبکہ میچ کے آخری لمحات میں صدام حسین بھارتی دفاع پار کرنے میں کامیاب ہوئے۔

اتوار کو سیریز کے پہلے میچ میں بھارت نے ایک صفر سے کامیابی حاصل کی تھی۔

یہ میچ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ سیریز کا حصہ ہیں جو نو سال میں پہلی مرتبہ کھیلی جا رہی ہے۔ اس سیریز کا مقصد دونوں ٹیموں کو آئندہ ماہ جنوبی کوریا میں ہونے والی ایشین گیمز کے لیے تیار کرنا بھی ہے۔

دونوں ٹیموں کی جانب سے بہت سے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا۔ بی بی سی ہندی کے اقبال احمد نے بتایا کہ دونوں ٹیموں میں صرف تین تین سینیئر کھلاڑیوں کی اجازت تھی اور دیگر تمام کھلاڑی انڈر23 کے کھلاڑی تھے۔

اس موقعے پر دونوں ٹیموں کے درمیان ’ہینڈ شیک فار پیس‘ یعنی امن کے لیے ہاتھ ملانے کی تقریب بھی ہوئی۔ فیفا کی درجہ بندی میں بھارت 150 ویں اور پاکستان 164 ویں نمبر پر ہے۔

2008 میں ممبئی حملوں کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلوں کے حوالے سے روابط منقطع ہوگئے تھے تاہم کرکٹ سمیت مختلف کھیلوں میں اب دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئی ہے۔

اسی بارے میں