پاکستان کی بیٹنگ لائن بڑے ہدف کے تعاقب میں ناکام

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption جنید خان نے دلشان کی وکٹ حاصل کی ہے

سری لنکا نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کو 77 رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی ہے۔

ہمبنٹوٹا میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 310 رنز بنائے۔

جواب میں پاکستان کی ٹیم 43.5 اوورز میں 233 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا اور شرجیل 9 رنز بنا کر ملینگا کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔

18 کے مجموعی سکور کے بعد احمد شہزاد اور محمد حفیظ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ایک وکٹ کے نقصان پر سکور کو 100 رنز تک پہنچا دیا۔

محمد حفیظ 62 اور احمد شہزاد 56 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد عمر اکمل بھی ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

بعد میں فواد عالم اور کپتان مصباح الحق بلترتیب 30 اور 36 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد کوئی بھی بلے باز جم کر نہیں کھیل سکا۔

اس سے پہلے سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 310 رنز بنائے ہیں۔

جے وردھنے 67 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان میتھیوز 93 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 4، حفیظ نے 3 جبکہ جنید خان نے ایک وکٹ حاصل کی ہے۔

تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ پاکستان چار وکٹوں سے جیت گیا تھا۔

پاکستان کی ٹیم میں یونس خان کی جگہ شرجیل خان کھیلے۔

یونس خان بھتیجے کے انتقال کے سبب دورہ چھوڑ کر وطن واپس آ گئے ہیں۔

پاکستان کو ایک روزہ میچوں کی سیریز میں اپنے اہم بولر آف سپنر سعید اجمل کی خدمات حاصل نہیں۔ سعید اجمل اپنے بولنگ ایکشن پر اٹھنے والے اعتراضات دور کرنے کے لیے آسٹریلوی شہر برسبین میں واقع بایو مکینیکل لیب میں ٹیسٹ دینے گئے ہیں۔

پاکستان کو دورۂ سری لنکا میں ٹیسٹ سیریز میں دو صفر سے شکست ہوئی ہے اور اب وہ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیل رہا ہے۔

اسی بارے میں