بھارت پاکستان کو ہرا کر ایشیئن چیمپئین بن گیا

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption بھارت کی طرف سے کوٹھ جیت سنگھ نے گول کر کے میچ برابر کر دیا

جنوبی کوریا کے شہر انچن میں ایشیئن گیمز ہاکی کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو پنلٹی شوٹ آؤٹ پر ہرا کر سونے کا تمغہ حاصل کر لیا ہے۔

پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ کے تیسرے منٹ میں پہلا گول کرتے ہوئے برتری حاصل کر لی تھی۔

مقررہ وقت پر میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔

اس طرح پاکستان اپنا ایشین گیمز کا اعزاز برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔

چار سال قبل چین میں منعقدہ ایشین گیمز میں پاکستان نے فائنل میں ملائیشیا کو دو گول سے شکست دی تھی۔

بھارت نے سولہ سال کے طویل اور صبرآزما انتظار کے بعد ایشین گیمز میں سونے کا تمغہ جیتا ہے۔

آخری بار اس نے 1998 میں بنکاک میں منعقدہ ایشین گیمز کے فائنل میں جنوبی کوریا کو شکست دی تھی۔

اس کامیابی کے نتیجے میں بھارت نے 2016 کے اولمپکس کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جبکہ پاکستان کو اولمپکس تک رسائی کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا ہوگا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے تیسرے ہی منٹ میں سبقت حاصل کرلی۔ یہ گول رضوان سینیئر نے کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption فائنل میں پاکستان نے تیسرے ہی منٹ میں سبقت حاصل کرلی۔ یہ گول رضوان سینیئر نے کیا

دوسرے کوارٹر میں بھارتی ٹیم نے مسلسل پاکستانی ٹیم پر دباؤ ڈالے رکھا جس کے نتیجے میں کوتھاجت سنگھ نے 12ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔

اس سے قبل بھارت کو ملنے والے پہلے پنلٹی کارنر پر گول کیپر نےعمران بٹ نے یقینی گول بچایا تھا۔

تیسرے کوارٹر میں بھارت کو گول کرنے کا یقینی موقع ہاتھ آیا لیکن سنیل اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے اسی دوران پاکستان کو پہلا پنلٹی کارنر ملا جس پر محمد عمران کی ٹرائی بھارتی گول کیپر شری جیش نے روک لی۔

عمران بٹ نے اس کوارٹر میں بھارت کے رمن دیپ کی طاقتور ریورس ہٹ خوبصورتی سے روکی۔

چوتھے کوارٹر میں پاکستانی ٹیم نے زیادہ حملے کیے لیکن دفاعی کھلاڑیوں کی غلطی کے نتیجے میں بھارتی ٹیم 10ویں منٹ میں پنلٹی کارنر حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی تاہم گول کیپر عمران بٹ ایک بار پھر آڑے آگئے۔

اسی بارے میں