جنید خان بھی آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے باہر

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption جنید زخمی ہونے کے بعد آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے باہر ہونے والے دوسرے پاکستانی کھلاڑی ہیں

پاکستانی فاسٹ بولر جنید خان زخمی ہونے کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ اور ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

متحدہ عرب امارات میں جاری سیریز کے پہلے میچ سے قبل تربیتی سیشن میں جنید خان کےگھٹنے پر چوٹ لگی تھی۔

24 سالہ جنید خان کے زخمی ہونے سے پاکستانی ٹیم کی بولنگ کو مزید دھچکا لگا ہے جو آف سپنر سعید اجمل کی معطلی اور پھر حفیظ کے زخمی ہونے سے پہلے ہی خاصی کمزور تھی۔

آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں اب تک پاکستانی ٹیم فتح کا ذائقہ نہیں چکھ سکی ہے اور واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں اسے چھ وکٹوں اور پھر پہلے ون ڈے میں 93 رنز سے شکست ہوئی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پاکستانی ٹیم کے مینیجر معین خان کا کہنا ہے کہ ’جنید کا گھٹنا تربیتی سیشن میں مڑ گیا تھا اور ایم آر آئی سکین کے بعد انھیں چار سے چھ ہفتے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ہمارے لیے ایک اور بڑا دھچکا ہے کیونکہ جنید ون ڈے اور ٹیسٹ میچ ہمارے بہترین بولرز میں سے ایک ہے۔‘

معین نے بتایا کہ جنید خان کو آرام کی غرض سے واپس پاکستان بھیجا جا رہا ہے اور ان کی جگہ سہیل تنویر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

سہیل تنویر پاکستان کے ٹی 20 سکواڈ کا حصہ تھے تاہم انھیں پہلے ون ڈے میں نہیں کھلایا گیا تھا۔

جنید اس سیریز سے باہر ہونے والے دوسرے پاکستانی ہیں۔ ان سے پہلے آل راؤنڈر محمد حفیظ پریکٹس میچ میں ہاتھ میں چوٹ لگنے کی وجہ سے وطن واپس چلے گئے ہیں۔

ابتدائی طور پر حفیظ کے ایک روزہ میچوں کی سیریز نہ کھیل پانے کی بات ہو رہی تھی تاہم اب پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک اہلکار نے بدھ کو خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ ابتدائی جائزے کے برعکس ان کی چوٹ سنگین ہے اور انھیں صحت یاب ہونے میں وقت لگے گا۔

اہلکار کا کہنا تھا کہ ’ہم انھیں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیلتا نہیں دیکھ رہے اور وہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے بھی باہر ہو سکتے ہیں۔‘

اسی بارے میں