’افشا ہونے والی رپورٹ پیٹرسن کے رویے کے سلسلے میں نہیں ہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ Press Association
Image caption جمعرات کو انگلینڈ کے معروف کرکٹر کیون پیٹرسن کی سوانح عمری منظر عام پر آنے والی ہے

ای سی بی یعنی انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے اس بات سے انکار کیا ہے کہ افشا ہوجانے والی رپورٹ کا تعلق گذشتہ ایشز کے دوران کیون پیٹرسن کے رویے سے ہے۔

کرکٹ کی ایک معروف ویب سائٹ ’کرک انفو‘ نے پانچ صفحات پر مشتمل ایک رپورٹ شائع کی ہے جس کے بارے میں خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ 34 سالہ کرکٹر پیٹرسن کی ایشز کے دوران غلطیوں کی فہرست ہے۔

ای سی بی نے اس کے بعد ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہ ’ذاتی قسم کی ای میل‘ ہے جو پیٹرسن کی خودنوشت کے سلسلے میں ان کے وکیل کے لیے ہے اور اس میں بعض امور پر ان کی توجہ مرکوز کی گئی ہے:

’یہ دستاویز وہ نہیں ہے جو اس کے بارے میں خیال ظاہر کیا جا رہا ہے۔‘

اس ای محل میں سابق کوچ اینڈی فلاور اور ٹیم کے دوسرے کھلاڑیوں جیسے گریم سوان وغیرہ کے ساتھ پیٹرسن کے تنازعے کا حوالہ دیا گیا ہے۔

پیٹرسن نے گذشتہ رات اس دستاویز کی اشاعت کو ’باعث شرم‘ قرار دیا۔

انھوں نے برطانوی اخبار ڈیلی ٹیلیگراف سے کہا: ’میں اس پر کوئی تبصرہ کرنا نہیں چاہتا۔ یہ ایک مذاق ہے اور باعث شرم ہے۔ وہ الیسٹر کک کا نام بھی درست طور پر نہیں لکھ سکتے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption جنوبی افریقہ میں پیدا ہونے والے 34 سالہ پیٹرسن نے 104 ٹیسٹ میچوں میں 47 کی اوسط سے 8181 رنز بنائے

واضح رہے کہ جمعرات کو کیون پیٹرسن کی خود نوشت شا‏‏ئع ہورہی ہے جس میں انھوں نے ایشز سیریز کے دوران اپنے کے رویے پر کسی دستاویز کا ذکر کرتے ہوئے اسے دیکھنے کی خواہش ظاہر کی ہے تاہم ای سی بی نے کہا کہ ایسی کسی دستاویز کا کوئی وجود نہیں ہے۔

اس سے قبل کیون پیٹرسن نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ماحول کو بے حد ’منفی‘ بتایا تھا۔

انھوں نے ساتھی کھلاڑی میٹ پرائر کو ڈریسنگ روم کا ’ماحول خراب کرنے والا‘ اور سابق کوچ اینڈی فلاور کو ’ڈر کر فیصلے کرنے والا‘ بتایا تھا۔

ای سی بی سے معاہدہ ختم کیے جانے کے بعد سے پہلی بار انھوں نے ڈیلی ٹیلی گراف سے بات کرتے ہوئے کہا: ’مجھے بے وجہ باہر کیا گیا اور شیطان بنا کر پیش کیا گیا۔‘

جنوبی افریقہ میں پیدا ہونے والے 34 سالہ پیٹرسن نے 104 ٹیسٹ میچوں میں 47 کی اوسط سے 8181 رنز بنائے۔ انھوں نے تین ٹیسٹ میچوں میں کپتانی بھی کی۔

اسی بارے میں