پہلے ون ڈے کرکٹ میچ میں بھارت کو شکست

تصویر کے کاپی رائٹ BCCI
Image caption مارلن سیموئلز نے اس میچ میں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی دکھاتے ہوئے سنچری بنائی اور دو وکٹیں بھی لیں

ویسٹ انڈیز نے پانچ ایک روزہ کرکٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں میزبان بھارت کو 124 رنز سے شکست دے دی ہے۔

کوچی میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہو سکا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے مارون سیموئلز، دنیش رام دین اور ڈوین سمتھ کی اچھی بلے بازی کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بنا ڈالے۔

سیموئلز نے 11 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے شاندار سنچری بنائی اور 126 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

رام دین نے نصف سنچری بناتے ہوئے 61 اور سمتھ نے 46 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

بھارتی بولرز میں بھوونیشور کمار دس اوور میں 38 رنز دے کر سب سے کفایتی بولر تو رہے لیکن کوئی وکٹ نہ لے سکے جبکہ چار وکٹیں لینے والے محمد شامی نے نو اوورز میں 66 رنز دے دیے۔

322 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں بھارتی اوپنرز نے تو 49 رنز کا آغاز دیا لیکن پھر وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور مزید کوئی بڑی شراکت نہ بن سکی۔

بھارت کے لیے شیکھر دھون 68 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے لیکن چھ بلے بازوں کا سکور دوہرے ہندسوں تک بھی نہ پہنچ سکا۔

بھارت کی پوری ٹیم 41 اوورز میں 197 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے تمام بولروں نے اچھی گیند کی اور مارون سیموئلز اور ڈووین براوو دو دو وکٹوں کے ساتھ سب سے نمایاں رہے۔